Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے نئے ایئرپورٹ میں خاص کیا ہے؟

جدہ کا نیا ایئرپورٹ شہر سے 19کلو میٹر کے فاصلے پر شمال میں واقع ہے (فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس سے  پروازوں کا نظام الاوقات جلد جاری کردیا جائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے حرمین ایکسپریس ٹرین کے پانچویں اسٹیشن کا بھی افتتاح کردیا ہے۔ یہ نئے ہوائی اڈے سے جڑا ہوا ہے۔
جدہ کا نیا ایئرپورٹ شہر سے 19 کلو میٹر کے فاصلے پر شمال میں واقع ہے۔ تمام شاہراہوں سے جوڑ دیا گیا ہے۔ 
حرمین ٹرین جدہ کے نئے ہوائی اڈے سے مصروف اوقات میں ہر 10 منٹ پر روانہ ہوگی۔ اسکے 6 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ ہر پلیٹ فارم پر آنے جانے والی 2 ٹرینیں ہوں گی۔ ہر ٹرین سے 832 افراد سفر کرسکیں گے۔

 نیا ایئرپورٹ 670 ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے (فوٹو: ٹویٹر)

ہوائی اڈے کے ریلوے اسٹیشن سے سالانہ 20 ملین افراد سفر کریں گے۔
سعودی  ریلوے جنرل کارپوریشن کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح نے بتایا کہ الحرمین ایکسپریس ٹرین سے جدہ ہوائی اڈے سے حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والے آدھے گھنٹے میں مکہ مکرمہ اور ڈیڑھ گھنٹے میں مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ یہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہت بڑی تبدیلی ہے۔
حکام کے مطابق نیا ایئرپورٹ 670 ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جو سعودی عرب ہی نہیں بلکہ خطے کا اہم اقتصادی اور تمدنی مرکز ہوگا۔
نئے ایئرپورٹ پر سہولتیں کیا ہیں؟
 ایئرپورٹ ٹرمینلز کمپلیکس کے اندر سبزہ زار بنائے گئے ہیں جن سے ہوائی اڈے کا حسن دوبالا ہوگیا ہے۔ 18ہزار مربع میٹر کے رقبے پر انٹرنل پارک قائم کیا گیا ہے۔ اس کے درمیان میں خود کار ٹرین کا  اسٹیشن اور ایکیوریم بھی ہے۔
 ایکیوریم، ٹرانسپورٹ سینٹر کے درمیان میں بنایا گیا ہے۔ یہ 14میٹر اونچا اور 10 میٹرچوڑا ہے۔ اس میں 10 لاکھ لیٹر پانی کی گنجائش ہے۔ اس میں بحر احمر کی مچھلیاں اور مونگے رکھے گئے ہیں۔ نئے ایئرپورٹ کو دیکھ کر جدہ کے سمندری ماحول کا نقشہ آنکھوں میں گھوم جاتا ہے۔
نئے ایئرپورٹ پر تمام فضائی کمپنیوں کے دفاتر ہوں گے۔ کاروباری سرگرمیوں کے لیے 27.987 مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ 
نئے ایئر پورٹ کا کنٹرول ٹاور 136 میٹر اونچا ہے اور یہ دنیا کے سب سے بلند کنٹرول ٹاورز میں سے ایک ہے۔یہاں 98 طیاروں کی پارکنگ کا انتظام ہے۔
نئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 220 کاؤنٹر فضائی کمپنیوں کے لیے ہیں۔ 128کاؤنٹر امیگریشن کی کارروائی کے لیے بنائے گئے ہیں۔
 80 کاؤنٹر خودکار سروس کے لیے مختص ہوں گے۔ مسافروں کے سامان کے لیے 135 کنویئر بیلٹ لگائی گئی ہیں جبکہ 46 گیٹ ہیں۔ ان میں سے بعض دیو ہیکل طیاروں کے لیے ہیں۔ ایئرپورٹ گیٹ 94 متحرک پلوں سے مربوط ہے۔ یہ بیک وقت 70 جہازوں کو سہولت فراہم کرسکیں گے۔
ایئر پورٹ کے ہالوں کا مجموعی رقبہ 810000 مربع میٹر ہے۔ اس کے تحت دو ٹرانسپورٹ سینٹر ہوں گے۔ حرمین ایکسپریس ٹرین کا اسٹیشن بھی ہو گا۔ یہاں دنیا کاسب سے بڑا ایکیوریم بھی موجود ہے۔

 شاہ سلمان نے حرمین ایکسپریس ٹرین کے پانچویں اسٹیشن کا بھی افتتاح کردیا ہے (فوٹو: واس)

4وی آئی پی لاؤنج
نئے ایئرپورٹ پر انتہائی اہم شخصیتوں کی پروازوں کے لیے 4 وی آئی پی لاؤنج بنائے گئے ہیں۔ 8 اضافی ویٹنگ ہال قائم کئے گئے ہیں۔ 5 ہال فرسٹ کلاس کے مسافروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ہیں جبکہ دو انٹرنیشنل پروازوں کے مسافروں اور دو ڈومیسٹک فلائٹس کے مسافروں کے لیے ہیں۔ 5 واں پانچواں ہال انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فلائٹس پر سفر جاری رکھنے والوں کے لیے بنایا گیا ہے۔
خود کار سسٹم سے چلنے والی ٹرین کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے ٹرمینلز کمپلیکس کے اندر انٹرنیشنل  پروازوں کے مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت مہیا ہوگی۔ اسے مینٹیننس سینٹر تک انڈر پاس سے جوڑا گیا ہے۔ خود کار سسٹم سے چلنے والی ٹرین 10 ڈبوں پر مشتمل ہے۔ یہ سامان اتارنے چڑھانے والے سسٹم سے لیس ہے۔ 
ٹرانزٹ کے مسافروں کے لیے فور اسٹار ہوٹل کا بندوبست کیا گیا ہے۔ یہ 120 کمروں پر مشتمل ہے۔ 

ایکیوریم 14 میٹر اونچا اور 10 میٹر چوڑا ہے، اس میں بحر احمر کی مچھلیاں اور مونگے رکھے گئے ہیں (فوٹو: ٹویٹر)

گاڑیوں کے لیے کثیر منزلہ پارکنگ
نئے ایئرپورٹ پر گاڑیوں کے لیے کثیر منزلہ پارکنگ بنائی گئی ہے۔ ان میں سے ایک 4 منزلہ ہے جسے براہ راست ٹریولنگ ہالز کمپلیکس سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہاں 8200 گاڑیوں کے لیے مختصر مدتی پارکنگ بھی مہیا کی گئی ہے۔ پارکنگ اسمارٹ گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔ اسکی بدولت پارکنگ کی خالی جگہ خودکار نظام کے تحت معلوم ہوجاتی ہے۔
لمبی مدت کے لیے خصوصی سائبان والی پارکنگ بنائی گئی ہیں۔ ان میں 4356 گاڑیوں کی گنجائش والی جنرل پارکنگ ہے۔ 48 بسوں کے لیے ایک پارکنگ بنائی گئی ہے۔ 651 ٹیکسیوں کے لیے الگ پارکنگ کا بندوبست ہے۔ رینٹ اے کار ایجنسیوں کے لیے 1222 گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے۔ ایئرپورٹ کے ملازمین کے لیے 7187 گاڑیوں کی پارکنگ بنائی گئی ہے۔

94 گیٹ متحرک پلوں سے مربوط ہیںجہاں 70 جہازوں کو سہولت فراہم ہوں گی (فوٹو:ٹویٹر)

پلوں اور سڑکوں کا نیٹ ورک
نئے ہوائی اڈے کے لیے نئی سڑکوں کا نیٹ ورک بچھایا گیا ہے۔ مجموعی لمبائی 36 کلو میٹر ہے۔ متعدد پل بنائے گئے ہیں۔ ان کی مجموعی لمبائی 13 کلو میٹر ہے جبکہ 2.5 کلو میٹر طویل انڈرپاس قائم کیا گیا ہے۔ 

 80 کائونٹر خودکار سروس کے لیے مختص کئے گئے ہیں (فوٹو: ٹویٹر)

دو انفارمیشن سینٹر
نئے ایئرپورٹ پر دو انفارمیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ دونوں مستقل بنیادوں پر کام کرنے کے اہل ہیں۔ TIER3 سسٹم سے لیس ہیں۔
مسجد اور جا نمازوں کا انتظام
نئے ایئرپورٹ پر ایک تو باقاعدہ مسجد بنائی گئی ہے جبکہ ایئرپورٹ آنے جانے والوں کے لیے نماز پڑھنے کی جگہیں (مصلے) بنائے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ کا ڈیزائن اسلامی فن تعمیر کا عکاس ہے۔ مسجد میں 3 ہزار افراد بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد کا خارجی صحن 2450 مربع میٹر پر مشتمل ہے جہاں 1500 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد کی بالائی منزل خواتین کے لیے مختص کی گئی ہے۔ 700 خواتین بیک وقت نماز ادا کرسکتی ہیں۔

مسجد سے متصل پارک بنایا گیا ہےجہاں 30 ہزار مربع میٹر کے سبزہ زارہیں (فوٹو: ٹویٹر)

عظیم الشان بیرونی پارک
مسجد سے متصل عظیم الشان خارجی پارک بنایا گیا ہے۔ یہ 30 ہزار مربع میٹر کے سبزہ زاروں پر مشتمل ہے۔ درمیان  میں فوارہ بنایا گیا ہے۔ یہیں 500 سے زیادہ گاڑیوں کی پارکنگ کا بھی انتظام ہے۔ ایئرپورٹ کمپلیکس کی مختلف منزلوں پر مجموعی طور پر 80 مصلے بنائے گئے ہیں۔ ان کے ساتھ وضو اور طہارت خانوں کا انتظام ہے۔ علاوہ ازیں نماز کے دوران مسافروں کو اپنا سامان رکھنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جمعہ 9 اگست سے جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ ٹرمینل ون سے خلیجی ریاستوں ابوظبی، بحرین اور مسقط کے لیے پروازوں کی محدود آمد و رفت کا آغاز کیا گیا۔
مئی 2018 ء میں سعودی ایئرلائنز نے داخلی پروازوں کا محدود پیمانے پر آغاز کیا تھا۔ جدہ کے نئے ائیر پورٹ سے باحہ، دوادمی، القیصومہ، تبوک، ینبع، القریات، عرعر، الوجہ، العلاء، الہفوف، طریف، جیزان، شرورہ، طائف، الجوف، بیشہ، حائل، ابہا اور نجران کے لیے پروازیں چلائی جا چکی ہیں۔
 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں فضائی مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جو سکیمیں تیار کی ہیں ان کے تحت پہلے مرحلے میں عمرے کے لیے آنے والے سالانہ 30 ملین مسافروں کو سفر کی سہولت مہیا ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں نئے ہوائی اڈے سے 55 ملین افراد سفر کرسکیں گے اور تیسرے مرحلے میں 100 ملین تک کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔
مسافروں کی آمدو رفت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات سٹیشن پہلے جبکہ مصر دوسرے نمبر پر تھا۔ پاکستان تیسرے، انڈیا چوتھے اور ترکی پانچویں نمبر پر رہا۔ 
 2017 کے مقابلے میں 2018 کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: