دنیا بھر میں ساحل سمندر کی صفائی کا عالمی دن 21ستمبر کو منایا جاتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
جنوبی کوریا کی ایک کاؤنٹی کے میئر نے ’ساحلوں کی صفائی کے عالمی دن‘ کے موقع پر ہونے والے تقریب کے لیے ٹن کے حساب سے کچرا صاف ستھرے ساحل سمندر پر پھینک دیا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کے میئر نے ایسا اس لیے کیا تاکہ ’ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی مہم چلانے والوں کو اٹھانے کے لیے کچھ مل سکے۔‘
سرکاری عہدیداروں نے قریبی علاقوں سے کوڑا کرکٹ ٹرک میں اکٹھا کیا اور اسے جندو کے ساحل پر بکھیر دیا تاکہ اگلے دن یوم صفائی کی تقریب میں شریک افراد کچرا اٹھا سکیں۔
جنوبی کوریا کی کاؤنٹی جندو کے میئر لی ڈونگ جن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے قربی علاقوں سے پلاسٹک اور دیگر کچرا اکٹھا کیا تاکہ صفائی مہم میں شریک 600 افراد صفائی کے کام میں حصہ لے سکیں۔‘
جنوبی کوریا کے میئر کے آفس سے بعد میں معذرتی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’ اس دن کا مقصد ساحل سمندر کے کچرے کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔‘
لی کا کہنا تھا کہ ’تمام کوڑا کرکٹ اٹھا لیا گیا ہے اور اس میں سے کوئی بھی سمندر کے اندر نہیں جاسکا اور وہاں کوئی آلودگی نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ دنیا بھر میں ساحل سمندر کی صفائی کا عالمی دن 21ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد یہ ہے کہ ساحل سمندر پر موجود کچرے کوٹھکانے لگانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
یہ دن ہرسال ستمبر کے تیسرے ہفتے کو منایا جاتا ہے۔ اس سال100 ممالک کے رضاکاروں نے اس مہم میں حصہ لیا۔
پہلا عالمی یوم صفائی 15ستمبر 2018 کو منایا گیا تھا اوراس میں یہ ہدف مقرر کیا گیا تھا کہ دنیا کی پانچ فیصد آبادی تقریباً 38 کروڑ افراد کو اس مہم میں شامل کرنے کے لیے متحرک کیاجائے۔
اعداد وشمارکے مطابق اب تک ساڑھے 17 کروڑ افراد اس مہم کا حصہ بن چکے ہیں۔