Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشون 350 وکٹوں کے ریکارڈ میں مرلی دھرن کے برابر

مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین سپنر راوی چندرن ایشون نے تیز ترین 350 ٹیسٹ وکٹیں لینے کا مرلی دھرن کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
انڈیا کے شہر وساکھا پٹنم میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آف سپنر نے تھیونس دی برین کو آؤٹ کرکے 66  ویں ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان سے قبل سری لنکا کے تاریخ ساز سپنر مرلی دھرن نے بھی اتنے ہی ٹیسٹ میچز میں 350  وکٹیں حاصل کی تھیں۔
خیال رہے کہ سنہ 2010 میں کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر ہیں اور تاحال ان کا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا۔
سری لنکن لیجنڈ سپنر کے بعد آسٹریلوی مشہور زمانہ سپنر شین وارن 708 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ انڈیا کے سپنر انیل کمبلے 619 وکٹوں کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایشون نے تیز ترین 300 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے وسیم اکرم 414 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ چودھویں نمبر پر ہیں۔
انڈیا کے 33  سالہ آف سپنر ایشون ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اور پہلے ہی ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔
یاد رہے کہ ایشون نے تیز ترین 300 ٹیسٹ وکٹٰیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھا ہے جب انہوں نے 54 ویں میچ میں یہ سنگ میل عبور کر کے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر ڈینس للی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

شیئر: