Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکسی میں میٹر استعمال نہ کیا تو کرایہ ضبط

میٹر نہ چلانے والی ٹیکسی کے مالک پر 3 ہزار جرمانہ ہوگا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور میٹر کا ضرور استعمال کریں اور اگر وہ سواریوں کو بٹھانے کے بعد میٹر نہیں چلائیں گے تو ایسی صورت میں انہیں مسافر کو مفت لے جانا ہوگا۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس حکم کا اطلاق پبلک ٹیکسیوں، فیملی ٹیکسی اور ہوائی اڈے پر موجود ٹیکسیوں پر بھی ہوگا اور اس سلسلے میں پی ٹی اے نے تمام ٹیکسی سروس مالکان کو آگاہ کر دیا ہے۔

فیملی ٹیکسی کا لائسنس حاصل کرنے کے لئے نئی گاڑی شرط ہے ۔ فائل فوٹو

پی ٹی اے نے مسافروں سے بھی کہا ہے کہ اگر ٹیکسی ڈرائیور میٹر نہیں چلاتا تو اس سواری کو ’بلا معاوضہ‘ سمجھا جائے اور ٹیکسی کے لائسنس یافتہ مالک پر 3ہزار ریال جرمانہ بھی عائد ہوگا۔
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ فیملی ٹیکسی کا لائسنس حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والی کمپنیاں 5گاڑیاں ہونے پر بھی کاروبار شروع کرسکتی ہیں۔ 
 پی ٹی اے نے اس حوالے سے کہا ہے کہ فیملی ٹیکسی کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ گاڑیاں نئی ہوں اور مملکت یا بیرون ملک رجسٹرڈ نہ ہوں۔

ایئرپورٹ ٹیکسی شہر میں چلانا ممنوع ہے ۔ فائل فوٹو سعودی گزٹ

سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ریاض، مکہ اور جدہ کے لیے کم سے کم 250 اور مدینہ منورہ اور دمام کے لیے 100 ٹیکسیوں کی شرط لازمی ہے۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ ٹیکسی کا لائسنس رکھنے والے صرف ہوائی اڈے سے شہر کے اندر مسافروں کو چھوڑنے کی اجازت رکھتے ہیں ۔اس لیے انہیں شہروں میں ٹیکسی چلانا ممنوع ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ ٹیکسی سروس کے طور پر استعمال ہونے والی گاڑی کا اگر لائسنس حاصل نہیں کیا گیا ہے تو وہ اس سلسلے میں ایئرپورٹ انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے لائسنس حاصل کرنے کا اہتمام کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: