برطانوی شاہی جوڑے کی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات
منگل 15 اکتوبر 2019 10:34
برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان میں دوسرے دن کا آغاز اسلام آباد میں لڑکیوں کے سرکاری سکول کے دورے سے کیا۔ برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ شاہی جوڑے نے سکول میں کلاس روم میں بچوں کے ساتھ کچھ وقت بھی گزارا اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی۔
برطانوی شاہے جوڑے نے منگل کو ایوان صدر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ دوپہر میں شاہی جوڑے کی وزیر اعظم ہاؤس آ مد ہوئی جہاں ان کی ملاقات وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ہوئی۔ وزیر اعظم نے شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ دورے کے دوران شاہی جوڑا اسلام آباد میں مختلف سماجی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہے۔
سکول میں بچوں اور اساتذہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد شاہی جوڑے نے مارگلہ نیشنل پارک کا دورہ کیا جہاں انہیں ماحول کے تحفظ کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
مارگلہ نیشنل پارک کے بعد شاہی جوڑے نے صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزایراعظم ہاؤس میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔
شاہی جوڑے کی اسلام آباد میں مصروفیات کا اختتام نیشنل مونیومنٹ پر منعقد کی جانے والی تقریب سے ہو گا۔
یہ برطانیہ کے کسی بھی شاہی جوڑے کا 13 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے اہم تاریخی و تفریحی مقامات کا دورہ اور اہم شخصیات سے ملاقات کرے گا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے مطابق ’شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن قدیم مغل دور کے دارالحکومت لاہور جائیں گے، وہ شمالی علاقہ جات اور افغانستان کی سرحد کے ساتھ کے علاقوں کا بھی دورہ کریں گے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں