Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان سے عمران خان کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں منگل کی رات ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان، عالمی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
 پاکستانی سفارت خانے کے پریس قونصل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا ہے۔

 وزیراعظم  کا دورہ خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، فوٹو: ایس پی اے

پاکستانی وزیراعظم نے سعودی قیادت کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ  دورے پر ریاض پہنچے تھے۔
شاہ خالد ایئر پورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنر ریاض فیصل بن بندر بن عبد العزیز، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے ان کا استقبال کیا۔ 
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز، سعودی حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

 وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہے، فوٹو: ایس پی اے

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
 بعد ازاںوزیر اعظم عمران خان ریاض سے مدینہ منورہ پہنچے ۔ اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے۔ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی ، امت مسلمہ کے اتحاد اور یگانگت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
 قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا  کہ وزیراعظم  کا یہ دورہ خطے میں امن اور سلامتی کی صورت حال بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم علاقائی امن اور ترقی کے فروغ کے لیے جاری مشاورت پر بھی بات کریں گے۔

 وزیراعظم نے سعودی قیادت کو کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔فوٹو: ایس پی اے

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل انھوں نے مئی اور ستمبر میں سعودی عرب کے دورے کیے تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب آنے سے دو روز قبل ایران کا بھی دورہ کیا تھا اورایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں زیادہ گرم جوشی آئی ہے اور رواں برس فروری میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: