Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نُوڈلز بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں‘

ماہرین کے مطابق نُوڈلز سے پیٹ تو بھر جاتا ہے لیکن ان میں غذائیت کم ہوتی ہے، فوٹو: روئٹرز
ماہرین کے مطابق ’انسٹنٹ فوڈ جیسی جدید غذا سے پیٹ تو بھر جاتا ہے لیکن اس میں غذائی اجزا کی کمی سے جنوب مشرقی ایشیا میں لاکھوں بچے غیر صحت مند انداز میں موٹاپے کا شکار ہو رہے ہیں۔‘
’فلپائن، انڈونیشیا اور ملائیشیا کی معیشتیں اگرچہ بہتری کی جانب گامزن ہیں اور یہ ممالک اپنے عوام کا معیار زندگی بھی بلند کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود بے شمار ملازمت پیشہ والدین کے پاس وقت، پیسہ اور آگاہی نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خوراک کے نقصانات سے بچائیں۔‘  

یونیسیف کے بقول والدین انسٹنٹ فوڈ کو متوازن غذا کا متبادل سمجھتے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

بچوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ذیلی فنڈ (یونیسیف) کی منگل کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ’ان تین ممالک میں پانچ سال یا اس سے کم عمر 40 فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں جو دنیا میں غذائی کمی کا شکار بچوں کی شرح سے بھی زیادہ ہے۔ عالمی سطح پر ہر تین میں سے ایک بچہ غذائی کمی کا شکار بتایا جاتا ہے۔‘
انڈونیشیا میں عوامی صحت کے ماہر حسب اللہ تھبرانی نے خبر رساں ایجنسی  اے ایف پی کو بتایا کہ ’والدین سمجھتے ہیں کہ شاید اپنے بچوں کا پیٹ بھرنا سب سے اہم چیز ہے۔ وہ خوراک میں پروٹین، کلیشیئم اور فائبر کی مناسب مقدار کے بارے میں نہیں سوچتے۔‘

ماہرین کے بقول والدین غذائیت سے زیادہ بچوں کا پیٹ بھرنا اہم سمجھتے ہیں، فوٹو: وکی پیڈیا

یونیسیف کا کہنا ہے کہ ’بچوں کو ہونے والا نقصان ماضی کی محرومیوں کی نشانی اور مستقبل میں غربت کی پیش گوئی ہے۔ جسم میں فولاد کی کمی بچے کے سیکھنے کی صلاحیت میں کمی جبکہ خواتین کے لیے زچگی کے دوران یا اس کے فوراً بعد موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔‘
مسئلے کی سنگینی واضح کرتے یونیسیف کے اعداد و شمار کے مطابق ’انڈونیشیا میں دو کروڑ 44 لاکھ، فلپائن میں ایک کروڑ 10 لاکھ اور ملائیشیا میں 26 لاکھ بچے پانچ برس سے کم عمر کے ہیں۔‘
یونیسیف ایشیا کی ماہر غذائیت میونی متونگا کے مطابق ’ان ممالک کے خاندانوں نے روایتی خوراک کے بجائے سستی، آسانی سے دستیاب اور جلدی سے تیار ہونے والی جدید خوراک کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’نوڈلز آسان ہیں، نوڈلز سستے ہیں، نوڈلز جلد تیار ہو جاتے ہیں اور متوازن غذا کا آسان نعیم البدل سمجھے جاتے ہیں۔‘
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر:

متعلقہ خبریں