نازیبا پیغامات پر شین واٹسن کی معذرت
شین واٹسن کے دونوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہو گئے تھے، فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے نازیبا پیغامات جاری ہونے پر اپنے مداحوں سے معذرت کی ہے۔
واضح رہے کہ شین واٹسن کا ٹوئٹر اور انسٹا گرام اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جہاں سے نیم برہنہ خواتین کی تصاویر اور نسل پرستی پر مبنی پیغامات جاری کیے جا رہے تھے۔
آل راؤنڈر شین واٹسن نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’میں اپنے اکاؤنٹ سے غیر شائستہ تصاویر شائع ہونے پر معذرت خواہ ہوں۔ پہلے جمعے کو میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا اور آج انسٹا گرام بھی ہیک ہو گیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ ’انسٹا گرام کو اس طرح کی صورت حال میں تیزی سے ایکشن لینا چاہیے، انہوں نے بہت دیر کر دی ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک برطانوی میگزین نے واٹسن کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے نیم برہنہ عورتوں والی پوسٹس کے سکرین شارٹس شائع کیے تھے، جبکہ ویسٹ آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک ہیکر نے ان کے اکاؤنٹ سے نسلی پرستانہ جملے بھی لکھے۔
38 برس کے شیں واٹسن کے ٹوئٹر اور انسٹا گرام اکاؤنٹس پر 20 لاکھ سے زیادہ فالوورز اور مداح ہیں جن سے انہوں نے معذرت کی ہے۔
واٹسن نے 2016 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے پہلے 59 ٹیسٹ اور 190 ایک روزہ میچز کھیلے۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں