ایئرپورٹ پر مسافر کا دس لاکھ درہم کا انعام
ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے جون تا اگست کے دوران مسافروں کو اس قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔ فوٹو: خلیج ٹائمز
ابوظبی ائیر پورٹ پر ایک شخص نے دس لاکھ درہم کا انعام جیت لیا جبکہ اس نے کوئی ریفل ٹکٹ بھی نہیں خریدا تھا۔
خوش قسمت مسافر افضل چیمبان نے حال ہی میں بذریعہ ابوظبی ائیرپورٹ سفر کیا تھا جو اس انعام کا مستحکم قرار پایا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظبی ائیرپورٹ پر" Feel Good Fly AUH" مہم کا گذشتہ دنوں اہتمام کیا گیا تھا جس کے اختتام پر انعام کے حقدار کااعلان کیا گیا ہے۔
جون تا اگست 2019 کے دوران موسم گرما کی اس انعامی سکیم میں ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کو اس قرعہ اندازی میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا تھا۔ ائیرپورٹ پر براہ راست قرعہ اندازی میں میں مسافر افضل چیمبان کو انعام کا حقدار قرار دیا گیا ۔
ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن تھامسن نے مسافر افضل چیمبان کو دس لاکھ درہم کی انعامی رقم کا چیک پیش کیا۔برائن تھامسن نے کہا کہ ابوظبی ائیرپورٹ پر ہم مسافروں کی سہولت کے لیے ایسی پیش کش مہیا کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک مسافر کو ایک ملین درھم کا انعام دے کر اس کی زندگی کو بہتر بنانے پر فخر ہے اور ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر انعام یافتہ مسافر افضل چیمبان نے کہا کہ ’جب میں نے ابوظبی انٹرنیشنل ائیر کی اس قرعہ اندازی میں حصہ لیا تو میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہزاروں مسافروں میں سے میں اس انعام کا حقدار بن جاﺅں گا۔میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری زندگی اس طرح بدل جائے گی، میں انتظامیہ کا انتہائی مشکور ہوں۔ابوظبی ائیرپورٹ میرا انتہائی پسندیدہ ائیرپورٹ بن گیا ہے جہاں سے میں متحدہ عرب امارت کا سفر ہمیشہ جاری رکھوں گا۔‘
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں