منفرد اقامہ لینے والوں کو متعدد سہولتیں حاصل ہوں گی۔
سعودی عرب میں منفرد اقامے کے لیے 27 ممالک کے ہزاروں شہریوں نے درخواستیں دی ہیں۔
سعودی حکومت نے دنیا بھر سے اعلیٰ دماغ اور سرمایہ کاروں کو بلانے کے لیے منفرد اقامہ پروگرام جاری کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے منفرد اقامہ مرکز بھی قائم کیا ہے۔
المرصد اور عکاظ ویب سائٹ کے مطابق منفرد اقامہ مرکز کے ایگزیکٹیو چیئرمین بندر العاید نے بتایا کہ منفرد اقامے میں ہزاروں لوگ دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کا تعلق مختلف ممالک اور قومیتوں سے ہے۔
بندر العاید نے عکاظ کو بتایا کہ جس روز سے منفرد اقامے کے لیے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا گیا تھا اسی دن سے آن لائن درخواستیں وصول ہونے لگی تھیں۔
’ہماری ٹیم کواب تک ہزاروں درخواستیں مل چکی ہیں۔ درخواستوں کا گہرائی اور باریک بینی سے جائزہ لیا جاچکا ہے۔‘
درخواست دینے والوں میں سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ بیرون مملکت آباد افراد بھی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ’منفرد اقامے کے حصول کی دوڑ میں سرمایہ کار، ڈاکٹرز، انجینیئرز اور پرامن زندگی گزارنے کے خواہشمند افراد شامل ہیں۔ سینکڑوں لوگ وہ ہیں جو محفوظ سرمایہ کاری اور امن و استحکام بھری زندگی گزارنے کے لیے سعودی عرب میں رہنا چاہتے ہیں‘۔
العاید کے مطابق ’منفرد اقامہ لینے والوں کو سرمایہ کاری اور روزگار سمیت متعدد سہولتیں حاصل ہوں گی۔ منفرد اقامہ رکھنے والوں کو سعودی عرب آنے جانے میں کسی طرح کی پابندی کا سامنا نہیں ہوگا۔ مقررہ قوانین و ضوابط کے مطابق سپانسر (کفیل) کے بغیر آ جاسکیں گے۔ مملکت میں قیام کرنا ضروری نہیں ہوگا‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں