مصنوعی ذہانت عالمی سربراہی کانفرنس کا میزبان سعودی عرب
مصنوعی ذہانت عالمی سربراہی کانفرنس کا میزبان سعودی عرب
منگل 29 اکتوبر 2019 19:35
مصنوعی ذہانت کے شعبے کی اہم کمپنیاں تجربات کا تبادلہ اور معاہدے کریں گی۔فوٹو البیان
سعودی عرب آئندہ سال مصنوعی ذہانت کی عالمی سربراہ کانفرنس کی میزبانی دارالحکومت ریاض میں کرے گا۔ اس موقع پر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مصنوعی ذہانت اور دنیا میں اس شعبے کی اہم کمپنیاں اور ادارے تجربات کا تبادلہ اور شراکت کے معاہدے کریں گے۔
البیان ویب سائٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس 30 اور 31مارچ 2020ءکو ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔ اس کی بدولت اس شعبے میں سعودی عرب کا قائدانہ کردار اجاگر ہوگا جبکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم امو راس کی ٹیکنالوجی سے استفادے اور سماج و معیشت پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مصنوعی ذہانت کے سعودی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی نے توجہ دلائی ہے کہ مصنوعی ذہانت ان دنوں ڈیجیٹل سائنس کے شعبے میں کلیدی کردارادا کررہی ہے۔ اس سے جہاں سرکاری اور نجی ادارے فیض یاب ہورہے ہیں۔ وہیں تجارتی ، صنعتی اور طبی اداروں میں بھی انقلاب برپا ہورہا ہے۔
ڈاکٹر الغامدی نے کہا ہے کہ ریاض میں مصنوعی ذہانت کی سربراہ کانفرنس جدید ٹیکنالوجی کی تبدیلیوں پر بحث اور بنی نوع انساں کے لیے اس سے کیا کچھ فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے پر گفت و شنید کا عالمی فورم ثابت ہوگی۔
پروگرام کے مطابق کانفرنس میں اعلیٰ درجے کے سیاستدان ، بین الاقوامی کمپنیوں کے سربراہ، اسکالر ، سرمایہ کار اور مصنوعی ذہانت میں قائدانہ افکار کے سرپرست شریک ہوں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں