امارات کی ترقی نے مستقبل کی دنیا میں الگ شناخت قائم کی ہے۔ فوٹو۔خلیج ٹائمز
متحدہ عرب امارات میں ’فلیگ ڈے‘ منایا جا رہا ہے۔ اس سالانہ تقریب کا اہتمام چھ سال سے کیا جا رہا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اتوار کو منائے جانے والے ’فلیگ ڈے‘ پر دبئی انتظامیہ کی جانب سے دبئی میڈیا آفس نے جمیرا کائٹ بیچ پر ایک فلیگ گارڈن قائم کیا ہے جہاں اس سال ساڑھے چار ہزار جھنڈے ایک خاص ترتیب میں لگائے گئے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ ان جھنڈوں کی مدد سے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد اور ان کے ہمراہ ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی تصاویر بنائی گئی ہیں۔ فلیگ گارڈن 10 دسمبر 2019ء تک یہ نظارہ پیش کرتا رہے گا۔
دبئی میڈیا آفس کی ویب سائٹ میں تفصیلات بیان کی گئی ہیں جن کے مطابق جھنڈوں کی تنصیب کے موقعے پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گورنمنٹ آف دبئی میڈیا آفس (جی ڈی ایم او) کی ڈائریکٹر جنرل مونا ال ماری کی زیر قیادت برانڈ دبئی اور دبئی پریس کلب کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقعے پر ڈائریکٹر جنرل مونا ال ماری نے بتایا کہ فلیگ گارڈن کی سالانہ تقریب یہاں آنے والوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔ یہ جھنڈے یہاں ’فلیگ ڈے‘ سے لے کر دسمبر میں منائے جانے والے قومی دن تک لگے رہیں گے۔
مونا نے مزید بتایا کہ اس سال ’فلیگ ڈے‘ منانے کا مقصد اپنے رہنماﺅں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور قوم کی رہنمائی کے کردار کو احتراماً تسلیم کرنا ہے۔ ’ان کی رہنمائی میں متحدہ عرب امارات کی ترقی نے مستقبل کی دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔‘