Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فخر ہے کہ مجھے مقدس مشن کے لیے منتخب کیا گیا‘

ماہرہ خان کہتی ہیں کہ اکثر مہاجرین کی میزبانی ترقی پذیر ہی ممالک کرتے ہیں، فوٹو: روئٹرز
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہر خان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی قومی خیرسگالی سفیر مقرر ہو گئی ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے ایک اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ماہرہ خان کا  کہنا تھا کہ ’ مجھے فخر ہے کہ مجھے اس مقدس مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔‘
ماہرہ خان شاہ رخ خان کے مدمقابل بالی وڈ فلم ’رئیس‘ اور پاکستانی فلم ’سپر سٹار‘ میں اپنے کردار اور کئی ایک ٹیلی وژن ڈراموں کی وجہ سے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی مقبول ہیں۔
یو این ایچ سی آر کی خیرسگالی سفیر منتخب ہونے سے پہلے گذشتہ برس انہوں نے اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ پشاور میں افغان مہارجرین کے کیمپ کا دورہ بھی کیا تھا۔
 
یو این ایچ سی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہرہ خان پاکستان میں رہائش پذیر 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی ضروریات کے حوالے سے کئی ایک انٹرویوز میں آواز اٹھا چکی ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ماہرہ خان نے حکومت پاکستان کو 40 سال سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
’مجھے فخر ہے کہ میرے ملک نے افغان مہاجرین کی تین نسلوں کے لیے ایسی فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بطور اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر کے میں انسانیت اور مہمان داری کے ایسے غیر معمولی کاموں کی حمایت کرتی ہوں۔‘
ماہرہ خان کہتی ہیں کہ ’جب  میں اپنے ملک کے طول عرض میں موجود مہاجرین کی آنکھوں میں دیکھتی ہوں تو مجھے ان میں امید اور خوابوں سے بھرپور مضبوط لوگ نظر آتے ہیں۔‘

ماہرہ خان گذشتہ برس پشاور میں افغان پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ بھی کر چکی ہیں، فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ اکثر مہاجرین کی میزبانی ترقی پذیر ممالک کرتے ہیں اور اس حوالے سے مشترکہ ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے مقصد کا حصول ابھی باقی ہے۔ ’ ان ممالک اور کمیونٹیز کی جو کہ بڑی تعداد میں مہاجرین کی میزبانی کرتے ہیں کی مدد کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔‘
اس موقع پر یو این ایچ سی آر کے اسسٹنٹ کمشنر برائے آپریشن جارج اوکوتھ اوبو نے ماہرہ خان کی جانب سے یو این ایچ سی آر کے مہاجرین کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت پر ان کی تعریف کی۔
’مجھے خوشی ہے کہ ایک نمایاں رائے ساز پاکستانی مہاجرین کے مشن کے لیے سامنے آئی ہے جنہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے آواز اٹھائی اور جن کا مقامی نوجوانوں پر بہت گہرا اثر بھ ہے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: