سعودی فوٹو گرافر نے شاندار تصاویر بنائی ہیں فوٹو سبق
سعودی عرب میں قدرتی حسن ہر سو بکھرا پڑا ہے ۔ مملکت کے مشرقی اور مغربی علاقے خوبصورت مناظر سے مالا مال ہیں ۔ تبوک کا علاقہ بھی ایسے ہی خوبصورت مقامات سے مالا مال ہے جنہیں دیکھنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کہیں یہ کوئی یورپی ملک تو نہیں۔
معروف سعودی فوٹو گرافر خالد العمرانی نے تبوک ، علقان شاہراہ کے ایک مقام کی ایسی شاندار تصاویر بنائی کہ اسے دیکھنے والا یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ’ کہیں یہ امریکہ تو نہیں‘۔
فوٹو گرافر کی تصاویر تبوک شاہراہ پر ’ علقان‘ کمشنری سے 20 کلومیٹر کے فاصلے کی ہیں یہ وہی علاقہ ہے جہاں نیا تعمیر ہونے والا شہر ’نیوم‘ بسایا جارہا ہے۔
علاقے کی قدری خوبصورتی وہاں کہ فلک بوس پہاڑ اور سرسبز میدانوں کے باعث ہے جبکہ بادلوںسے بھرے آسمان سے قوس و قزاح کے بکھرتے رنگ اس علاقے کے حسن کو دبالا کر دیتے ہیں ۔
علقان کمشنری ان دنوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ خوشگوار موسم اور علاقے کے دیدہ زیب مناظر سے سیاح لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔
فوٹو گرافر العمرانی کے کیمرے نے اس خوبصورتی سے ان مناظر کو دنیا کے سامنے پیش کرکے یہ ثابت کر دیا کہ سرزمین عرب بھی قدرتی حسن و جمال سے مالا مال ہے۔
واضح رہے تبوک ریجن میں وادیوں اور گھاٹیوں سے بھرا علاقہ ہے جہاں ہر سو خوبصورت مناظر بکھرے پڑے ہیں ۔ موسم سرما میں یہ علاقہ برف کی سفید چادر اوڑھ لیتا ہے جس کی وجہ سے مملکت کے تمام شہروں سے سیاح موسم سرما کا لطف اٹھانے تبوک پہنچ جاتے ہیں۔
نیا بسنے والا شہر جو کہ سعودی عرب ، اردن اور مصر کے اشتراک سے تعمیر کیاجارہا ہے بھی اسی علاقے کا ایک حصہ ہے ۔ یہاں موجود ساحل انتہائی خوبصورت ہے۔