وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں پٹرول سٹیشنوں پر چھاپہ مہم شروع کردی ہے۔
مہم کا آغاز ان رپورٹوں کے تناظر میں کیا گیا ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ بعض پٹرول سٹیشن نئے نرخنامے کی پابندی نہیں کررہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 463 پٹرول سٹیشنوں پر چھاپے مارے گئے۔ دو سٹیشنوں پر نرخنامے کی پابندی نہیں کی جارہی تھی جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
وزارت تجارت و سرمایہ کاری اور وزارت بلدیات و دیہی امور پٹرول سٹیشنو ں کی نگرانی کے لیے مشترکہ سکیم بنائے ہوئے ہیں۔
وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے انتباہ کیا کہ آئندہ بھی چھاپے مارے جائیں گے۔ صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ پٹرول سٹیشنوں سے رجوع کرتے وقت سکرین پر پٹرول کے نرخ ضرور چیک کریں۔
’اگر نرخوں میں کوئی گڑبڑ نظر آئے تو فوری طور پر اس کی اطلاع کی جائے۔ نرخنامے کی پابندی نہ کرنے والے پٹرول سٹیشنوں کو مقررہ سزائیں دی جائیںگی۔‘
وزارت تجارت نے صارفین سے یہ بھی کہا کہ وہ خلاف ورزی کی اطلاع ’بلاغ تجاری‘ ایپلی کیشن کے ذریعے دے سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں 1900 پر رابطہ کرکے شکایات مرکز کو اس کی اطلاع دی جاسکتی ہے۔ وزارت کی ویب سائٹ پر بھی رپورٹ کی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں