Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گولڈ میڈل ہی لوگوں کی باتوں کا جواب ہے‘

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی شاہدہ نے ساؤتھ ایشین گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیتا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
نیپال میں جاری بین الاقوامی ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کی شاہدہ عباسی نے کراٹے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں یکم دسمبر سے تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز 2019 جاری ہیں جن میں پاکستان کے علاوہ چھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔
شاہدہ عباسی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔
’یہ میرا پہلا گولڈ میڈل ہے اور میں بہت زیادہ خوش ہوں۔‘
شاہدہ کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔
انہوں نے پہلی دفعہ کراٹے 2005 میں کھیلنا شروع کیے تھے۔
شاہدہ کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں ان کی فیملی اور اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔
’فیملی نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے خاص طور پر میرے ابو نے۔‘
لیکن ارد گرد کے لوگوں بالخصوص رشتہ داروں اور محلے والوں کا رویہ شاہدہ کے لیے بہت مایوس کن تھا۔

شاہدہ 2005 سے کراٹے کھیل رہی ہیں اور بیشتر مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

’مجھے بہت باتیں سننا پڑتی تھیں کہ لڑکی کو دیکھو کراٹے کھیل رہی ہے۔ اور مجھ پر طرح طرح سے زور ڈالا گیا کہ میں یہ کھیل چھوڑ دوں۔‘
’لیکن میرے ابو، امی اور بہن بھائیوں کی سپورٹ کی وجہ سے میں نے ہمت نہ چھوڑی۔‘
شاہدہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے لوگوں کی باتوں کا جواب مزید محنت اور کام سے دیا۔
’میں نہیں چاہتی کہ کسی بھی لڑکی کی کہانی اس طرح سے پڑھی جائے کہ اس نے دباؤ میں آ کر چھوڑ دیا۔‘
’میں نے ہمیشہ یہی سوچا کہ میں کچھ بن کر دکھاؤں گی اور یہی میرا لوگوں کو جواب ہو گا۔‘
شاہدہ نے ساؤتھ ایشین گیمز میں شمولیت کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا مشکل ترین مقابلہ ہے۔
’سیف گیمز سب سے مشکل تھا، اور مجھے یقین نہیں تھا کہ میں گولڈ میڈل جیت جاؤں گی۔‘

پاکستانی ٹیم نے کراٹے کے میدان میں ایک گولڈ، دو سلور اور ایک برونز میڈل جیتا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

سیف گیمز میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کے کوچ شاہ محمد شان نے اردو نیوز کو بتایا کہ کراٹے میں جسمانی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ مضبوط اعصاب کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔
شاہ محمد شان 2011 سے پاکستانی ٹیم کے کوچ ہیں۔
شاہ محد شان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بے حد کم سہولیات اور مواقع  ہونے کے باوجود گولڈ اور سلور میڈلز جیتنا ان کی توقعات سے بڑھ کر ہے۔
کراٹے کے میدان میں پاکستانی ٹیم نے دو گولڈ، تین سلور اور چار برونز میڈل جیتے ہیں۔

شیئر: