سعودی عرب کا سیمی فائنل میں مقابلہ قطر سے ہوگا۔ فوٹو سبق
قطر میں ’خلیجی 24‘ کے تحت گلف فٹبال کپ ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کی قومی ٹیم عمان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔
اخبار 24کے مطابق سعودی عرب اور عمان کی ٹیموں کا میچ عبداللہ بن خلیفہ اسٹیڈیم میں ہوا۔
سعودی فٹبالر فراس البرکان نے 26ویں منٹ میں پہلا گول کیا جبکہ ھتان باھبری نے 2گول اسکورکیے۔
عمان کے المنذر العلوی نے اپنی ٹیم کی جانب سے واحد گول کیا۔
اس میچ میں کامیابی سے سعودی قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ اب اس کا مقابلہ قطر سے ہوگا جو امارات کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔
گلف کپ میں شریک فٹبال ٹیمیں دوگروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں عراق، قطر، متحدہ عرب امارات اور یمن ہیں جبکہ گروپ بی میں سلطنت عمان، سعودی عرب، کویت اور بحرین ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کو کویت نے گروپ کے پہلے میچ میں تین گول سے شکست دی تھی۔ بعد ازاں سعودی ٹیم نے بحرین کو ہرا یا تھا۔