امارات اور بحرین کی فٹبال ٹیمیں بھی گلف کپ میں شریک ہوں گی۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودی فٹبال آرگنائزیشن کے مطابق سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم ’گلف فٹبال کپ 24 ‘ میں شریک ہوگی۔ گلف کپ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہورہا ہے جو 24نومبر سے 6 دسمبر تک جاری رہے گا۔
خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق سعودی فٹبال آرگنائزیشن نے ٹوئٹر پر اطلاع دی ہے کہ گلف فٹبال آرگنائزیشن نے سعودی فٹبال ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی جو منظور کرلی گئی ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق گلف فٹبال آرگنائزیشن نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی قومی فٹبال ٹیمیں قطر میں ہونے والے گلف کپ میں شریک ہوں گی۔
گلف آرگنائزیشن کے عہدیداروں نے بدھ کو دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے قبل آرگنائزیشن کی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا تھا۔ صدارت چیئرمین شیخ حمد بن خلیفہ بن احمد آل ثانی نے کی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تینوں ممالک کی قومی ٹیموں نے شرکت کی منظوری دے دی ہے۔
اس سے قبل قطر، کویت، سلطنت عمان، عراق اور یمن گلف کپ میں شرکت کی توثیق کرچکے تھے۔ تین ہفتے قبل دوحہ میں گلف کپ کی قرعہ اندازی کے وقت تک صرف پانچ ٹیموں کی شرکت کی منظوری سامنے آئی تھی۔ سعودی عرب، امارات اور بحرین کی منظوری کے بعد نئی قرعہ اندازی ہوگی۔
گلف کپ 24 کے مقابلے مقررہ شیڈول کے مطابق 24 نومبر ہی کو شروع ہوں گے۔