کہیں ٹماٹر مہنگے ہو رہے ہیں تو کہیں پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھوُ رہی ہیں، کچھ جگہیں تو ایسی ہیں جہاں ڈبل روٹی جیسی سادہ شے بھی لوگوں کے اختیار سے باہر ہے۔ مگر کچھ خوش قسمت افراد ایسے بھی ہیں جو ایک کیلا ہزاروں ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔
جی ہاں، یہ بات ہے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کی، جہاں حال ہی میں ایک مشہور آرٹسٹ کی طرف سے پیش کیا گیا کیلا ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔
دیوار پر ڈک ٹیپ سے چپکایا گیا یہ کیلا اطالوی آرٹسٹ موریزیو کیتلان کا شاہکار ہے۔
مزید پڑھیں
-
فرانس میں دیوہیکل بیل اور قوی الحبثہ مکڑی کے حیرت انگیز فن پارےNode ID: 339941
-
چاکلیٹ اور کافی سے تیار فن پاروں کی نمائشNode ID: 416406
-
مردہ درختوں میں ’روح پھونکنے والا‘ مجسمہ سازNode ID: 439071
اس سادہ مگر مہنگے فن پارے پر ایک طرف لوگ ہنس رہے ہیں، اور دوسری طرف کچھ ایسے بھی ہیں جو اس پر دولت کے بے جا استعمال پر غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
فن پارے کی نمائش کرنے والی نجی آرٹ گیلری، پیروٹن، نے دسمبر 4 کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ فن پارہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم کن چیزوں کو اہم سمجھتے ہیں اور ان کو کیسے اہمیت دیتے ہیں۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق موریزیو کیتلان کا کام یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم چیزوں کی قیمت کا تعین کیسے کرتے ہیں۔
کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ شاہکار اس بات کا آئینہ دار ہے کہ آرٹ کی دنیا میں دولت کی عدم مساوات ہے۔ جبکہ کچھ نے اسے صرف اس کی سادگی کی وجہ سے سراہا ہے۔
موریزیو کیتلان نے ایک سال پہلے اس فن پارے کے بارے میں سوچا تھا۔ گیلری کے اعلامیے کے مطابق وہ کیلے کی شکل کا مجسمہ بنانا چاہ رہے تھے۔
امریکی چینل سی بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے آرٹ گیلری کے بانی ایمانوئل پیروٹین کے مطابق موریزیو کیتلان کے فن پارے صرف چیزوں کے بارے میں نہیں بلکہ یہ بھی بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ کیسے پوری دنیا میں ان چیزوں کو دیکھا جاتا ہے۔
اطالوی آرٹسٹ موریزیو کیتلان نے کیلے کے گل جانے پر خریداروں کو واضح ہدایات نہیں دیں تاہم یہ کہا جا رہا ہے جب ضرورت ہو تو کیلا بدلا جاسکتا ہے۔
گیلری انتظامیہ کے مطابق آرٹ کے ان انوکھے تین نمونوں میں سے دو پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
آرٹ کے اس متنازع نمونے کا نام ’کامیڈین‘ ہے۔
موریزیو کیتلان اپنے آرٹ کے نمونوں سے آرٹ کے مداحوں کو محظوظ کرتے رہتے ہیں۔
2017 میں انہوں نے 18 کیرٹ سونے کے ٹائلٹ سے لوگوں کو حیران کیا تھا۔
-
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں