آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث ختم کر دیا گیا۔
جمعے کی صبح راولپنڈی میں بارش رک گئی تھی تاہم آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا تاہم صرف 5۔2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا اور امپائرز نے خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا۔
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہیں۔
سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔
خیال رہے کہ جمعرات کو میچ کا دوسرا دن بھی بارش سے بری طرح متاثر ہوا تھا اور پورے دن میں صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔
جمعرات کو آٹھ اوورز کے کھیل کے بارش شروع ہوگئی اور میچ ساڑھے تین گھنٹے تک رکا رہا۔ بارش رکنے کے بعد میچ جب شروع ہوا تو پاکستان نے نئی گیند لی اور اور نئی گیند سے پانچویں ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ڈکویلا کی 33 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
تاہم ایک بار پھر بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا جس کے بعد امپائرز نے مشاورت کے بعد دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
سری لنکا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے دو، دو، جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں