پہلے روز بھی کم روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کر دیا گیا تھا (فوٹو اے ایف پی)
راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کا دوسرا دن بارش کی نذر ہو گیا ہے۔
جمعرات کو دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو خراب موسم کی وجہ سے پورے دن میں صرف 18.2 کا کھیل ممکن ہوسکا۔
دوسرے دن کا کھیل جب ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس وقت سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔ دھننجیا ڈی سلوا 72 اور دلروان پریرا دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل بدھ کو بھی خراب روشنی کی وجہ سے کھیل 22.5 اوورز پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
پہلے روز سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ سری لنکا نے اپنی اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا اور اوپنرز نے ٹیم کو 96 رنز کا اچھا سٹینڈ فراہم کیا۔
پاکستان کو اپنے پانچ بولرز آزمانے کے بعد پہلی کامیابی ڈی میتھ کرونارتنے کی صورت میں ملی جنھیں شاہین شاہ آفریدی نے 59 رنز پر آؤٹ کیا۔
109 رنز پر سری لنکا کی دوسری وکٹ وشوا فرنینڈو کی صورت میں گری جو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پرحارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو جلد ہی مزید دو کامیابیاں مل گئیں جس میں مینڈس دس رنز بنا کر ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے بولر عثمان شنواری کا شکار بنے۔
محمجوعی سکور میں سات رنز کے اضافے پر چندی مل کو محمد عباس نے کیچ آؤٹ کر دیا جو صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ 189 کے سکور پر پاکستان کو پانچویں کامیابی میتھو کی صورت میں ملی جو 31 رنز پر نسیم شاہ کی گیند اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دس برس بعد ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے کرکٹر فواد عالم پاکستان کی 11رکنی ٹیم میں شامل نہیں ہیں جبکہ عابد علی اور عثمان شنواری نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں