Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندو بچی کو نعتیہ لوری پسند اور اژدہے کو پکڑنے کی ویڈیو

بحریہ کے ایک سینیئر افسر کی اہلیہ ودیا راجو نے 20 کلو گرام کے اژدہے کو زندہ پکڑا۔ فوٹو: ٹوئٹر
انڈیا میں گذشتہ ہفتے دونوں ایوانوں میں شہریت کے ترمیمی بل کا شور رہا اور اس حوالے سے شمال مشرقی ریاستوں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مظاہرے جاری ہیں۔
اس کے ساتھ پورے ملک میں جنسی ہراسیت کے واقعات پر شدید ردعمل نظر آیا، لیکن بعض ایسی خبریں بھی تھیں جو شاید آپ کی نظروں سے نہیں گزریں۔ یہاں ایسی ہی چند خبریں پیش کی جا رہی ہیں۔

بچہ اور کھیل

انڈیا کی شمال مشرقی ریاست سے جہاں کشیدگی کی خبر آ رہی ہیں وہیں سے ایک بہت ہی جذباتی خبر بھی آئی ہے جس میں ریاست میزورم کی والی بال کی ایک کھلاڑی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے بچے کو دودھ پلا رہی ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر توئیکم والی بال ٹیم کی کھلاڑی لال وینٹلوانگی کی تصویر فیس بک پر ننگلن ہنگھل نے شیئر کی لیکن اصل تصویر لنڈا چھاک چھواک کی بتائی گئی ہے۔
لال وینٹلوانگی نے سات ماہ کے اپنے بچے کے ساتھ پلیئرز کیمپ میں اپنا نام درج کرایا اور کھیل کے درمیان وقت چرا کر وہ اپنے بچے کو دودھ پلاتی ہوئی دیکھی گئیں۔
ننگلن ہنگھل کی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’سات ماہ کے بچے کو وقت نکال کر دودھ پلانے کی تصویر کو میزورم کے ریاستی گیمز 2019 کا میسکوٹ بنایا گیا ہے۔‘

لوگوں نے لال وینٹلوانگی کی تندہی اور ہمت کی تعریف کی ہے۔ فوٹو: لال وینٹلوانگی فیس بک

انڈیا ٹوڈے میں شائع اس خبر میں کہا گیا ہے کہ لوگوں نے لال وینٹلوانگی کی تندہی اور ہمت کی تعریف کی ہے اور لکھا ہے کہ ’انھوں نے کھلاڑی اور ماں ہونے کی دوہری ذمہ داری نبھائی ہے۔‘

ہندو بچی کو نعتیہ لوری

ماں اور بچے سے یاد آیا کہ ان دنوں واٹس ایپ پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں جنوبی انڈیا کی معروف گلوکارہ ستارا کرشنا کمار سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو سلانے کے لیے کون سی لوری گاتی ہیں۔ستارہ سے جب سوال کیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو سلانے کے لیے کون سی لوری یا گیت گاتی ہیں تو انھوں نے اسے گا کر سنایا اور آپ حیرت زدہ رہ جائیں گے کہ یہ لوری عام طور پر مسلم گھرانوں میں سنائی دیتی ہے۔

جب میں نے تلاش کیا کہ یہ کلپ کب کا ہے اور کہاں کا ہے تو پتہ چلا کہ اسے 15 اکتوبر کو چینل 24 کے ’گڈ مارننگ‘ شو میں پیش کیا گیا تھا اور ستارا نے کہا کہ ’مجھے یہ معلوم نہیں کہ یہ کیا ہے اور اس کا مطلب کیا ہے لیکن میری بیٹی ہمیشہ مجھ سے یہ سوتے ہوئے سننے کی فرامائش کرتی ہے۔‘
اور انھوں نے اپنی مترنم آواز میں نعت کے یہ اشعار گائے۔ اس ویڈیو کے کمنٹس میں حماد صلاح الدین نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کوئی انہیں اس کا ترجمہ کرکے بتا دے کہ اس کا مطلب کیا ہے اور یہ اسلام میں کتنا اہم ہے تو وہ اور بھی حیرت زدہ ہوں گی۔‘
ستارہ ملیالی کے علاوہ تمل، تیلگو اور کنڑ فلموں کے لیے بھی گاتی ہیں اور انھیں کیرالہ ریاست سے دو بار بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

خاتون نے اژدھا پکڑ لیا

اب جہاں انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ کی بات نکل آئی ہے تو اسی ریاست کے ایرناکولم کی ایک خاتون کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک اژدہے کو زندہ پکڑتی ہوئی دیکھی جا رہی ہیں۔

تقریبا ڈیڑھ منٹ کی اس ویڈیو کو اب تک 52 ہزار سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے اور اسے بحریہ کے افسر اور مصنف ہریندر سککا نے آن لائن شیئر کیا ہے۔
سکا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بحریہ کے ایک سینیئر افسر کی اہلیہ ودیا راجو نے 20 کلو گرام کے اژدہے کو زندہ پکڑا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ سانپ ان کے پچھواڑے میں ایک پیڑ کے نیچے بیٹھا پایا گیا جسے ودیا نے سر کی جانب سے پکڑ لیا جبکہ ایک مرد نے اس کی دم کو پکڑ رکھا ہے۔
سانپ کو بچانے کی مہم میں ودیا کے ساتھ بحریہ کے تین افسر اور ایک نوجوان لڑکی بھی نظر آ رہی ہے۔ ودیا نے دو جوانوں کی مدد سے سانپ کو ایک بوری میں ڈالا جو کہ ایک حیرت انگیز کارنامہ تھا۔
سکہ نے اس پوسٹ کے ساتھ لکھا ’عورتوں کی بات نہیں کتنے مرد ہوں گے جو اتنی ہمت دکھا سکتے ہیں۔‘ لوگ خاتون کی ہمت کی داد دے رہے ہیں۔

انڈیا میں سونے کی سمگلنگ

انڈیا کے معروف اخبار ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا میں سونے کی سمگلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اخبار کے مطابق انڈیا نے جولائی میں درآمدی ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا کہ ستمبر میں سونے کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئیں۔ کسٹم کے افسروں نے صرف چینائی ایئرپورٹ پر 30 مسافروں کو سونے کی سمگلنگ کرتے ہوئے پکڑا ہے جو کہ ساڑھے سات کلو سونا غیر قانونی طور پر لانے کی کوشش کر رہے تھے۔

پی آر سوماسندرم نے بتایا کہ ’درآمدی ٹیکس کی شرح میں اضافے سے سمگلروں  کی رغبت بڑھ جاتی ہے۔‘ فوٹو: اے ایف پی

اخبار کے مطابق ورلڈ گولڈ کونسل کے مینجنگ ڈائریکٹر پی آر سوماسندرم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’جب جب آپ درآمدی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرتے ہیں سمگلروں  کی رغبت بڑھ جاتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ وہ اسی طرح جاری رہے گا جب تک کہ حکومت اور اس تجارت سے جڑے لوگ اس کے متعلق ٹھوس اقدام نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ دونوں کی ہی ذمہ داری ہے۔
انڈیا میں سونے کی قیمت 39885 روپے فی تولہ پہنچ گئی تھی جو کہ گذشتہ روز جمعے کو 38910 روپے فی تولہ یعنی فی دس گرام  تھی۔

شیئر: