Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ عالمی سیاحتی مرکز کیسے بنا؟

الدرعیہ سیزن سے سعودی سیاحت کو نئی شناخت ملی ہے۔فوٹو: ٹوئٹر
 دس برس قبل الدرعیہ کے ایک محلے طریف کو یونیسکو نے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
یہی وہ لمحہ تھا جب الدرعیہ سیاحتی مرکز کے طور پر دنیا کی نظر میں آیا تھا۔
الشرق الاوسط کے مطابق 2018 کے آخر سے الدرعیہ نے سعودی سیاحت میں اپنی جگہ بنانا شروع کردی تھی۔ فارمولا ای کی میزبانی اوربین الاقوامی کنسر ٹس نے الدرعیہ کی سیاحتی پہچان میں نئے رنگ بھر دیے۔
الدرعیہ سیزن سے سعودی سیاحت کو نئی شناخت ملی ہے۔ سپورٹس مقابلے اور کنسرٹس ہوئے اور تاریخی محلہ طریف کو سیاحت کے حوالے سے سجایا گیا۔

فارمولا ای کی میزبانی نے الدرعیہ کی سیاحتی پہچان میں نئے رنگ بھر دیے۔ فوٹو: ٹوئٹر

الدریعہ سیزن سے علاقے کی تاریخی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔ سیاح بڑی تعداد میں تاریخ سے معمور اس نخلستان کی جستجو میں یہاں پہنچے۔
اس وقت 65 سے زیادہ ممالک کے سیاح الدرعیہ سیزن کے پروگرام دیکھنے پہنچے ہوئے ہیں۔
الدرعیہ سیزن کے دوران ہی باکسنگ کا تاریخی مقابلہ ہوا۔ برطانوی باکسر انتونی جوشوا نے اپنے میکسیکن نژاد امریکی حریف اینڈی رویز کو شکست دی۔ اس مقابلے کے سب سے زیادہ ٹکٹ برطانوی شہریوں نے خریدے تھے۔
الدرعیہ سیزن میں یلو بال کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ الدرعیہ ٹینس کپ کا انعقاد کیا گیا۔ دنیا کے معروف ٹینس اسٹار شریک ہوئے۔

الدرعیہ گھڑ دوڑ میلہ بھی منعقد کیا گیا۔ فوٹو: ٹوئٹر

الدرعیہ گھڑ دوڑ میلہ بھی منعقد کیا گیا۔ اس کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہ میلہ جس جگہ ہوتا ہے اسی جگہ کے گھوڑے مقابلے میں شریک ہوتے ہیں۔
الدرعیہ کے تاریخی محلے طریف پر سایہ فگن البجیری میں جگہ جگہ دنیا کے معروف ریستورانوں کی ایک چین کھولی گئی ہے۔ البجیری اورطریف محلے کے درمیان وادی حنیفہ میں ہے۔ یہاں ا لدرعیہ نخلستان میں تفریحاتی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ جہاں فن اور تفریح دونو ںکا حسین امتزاج دیکھنے میں آیا ہے۔
الدرعیہ سیزن کے آغاز سے قبل سعودی عرب نے سیاحتی ویزے کا دروازہ کھول کر غیر ملکی سیاحوں کو اپنے یہاں آنے کی بڑی سہولت دی۔ سعودی عرب کا سیاحتی ویزا آن لائن ملنے لگا ہے۔

الدرعیہ کے محلے طریف کو یونیسکو نے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ فوٹو: ٹوئٹر

الدرعیہ سیزن کی سرپرستی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور سعودی آرامکو کی جانب سے کی جا رہی ہے۔
 الدرعیہ سیزن کی بدولت یہ علاقہ سعودی عرب کے سیاحتی نقشے پر نمایاں شناخت بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔
 الدعیہ میں بین الاقوامی مقابلوں کے انعقادکے لیے تمام کام 45دن کے اندر انجام دیا گیا۔ 200 سے زیادہ انجینیئرز، ماہرین او رکارکنان نے اس میں حصہ لیا۔ مقابلوں کے لیے 10ہزار مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا تھا۔

شیئر: