Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دائرہ نما سورج گرہن کا دورانیہ کتنا ہوگا؟

سورج گرہن کی شروعات صبح 5 بجکر 33 منٹ پر ہوگی۔ فوٹو: العربیہ
 سعودی عرب میں جمعرات 26 دسمبر کو دائرہ نما سورج گرہن الاحسا میں مکمل اور دیگرعلاقوں میں جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا۔
118 برس بعد یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہوگا۔ اس جیسا سورج گرہن 84 برس بعد دیکھا جا سکے گا۔
سعودی وزارت تعلیم نے اساتذہ، طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے کہا ہے کہ وہ سورج گرہن کو براہ راست دیکھنے سے گریز کریں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم نے اعلامیے میں کہا ’سورج گرہن کی شروعات جمعرات کی صبح 5 بجکر 33 منٹ پر ہوگی۔ یہ 6.37 منٹ تک اپنے عروج پر ہوگا جبکہ 7 بج کر 45 منٹ پر سورج گرہن ختم ہوجائے گا۔‘
’سعودی عرب کے ہر شہر کے حوالے سے گرہن کے اوقات الگ ہوں گے۔‘

الاحسا کمشنری کا شہر الہفوف سورج گرہن دیکھنے کے لیے سب سے مناسب مقام ہے۔ فوٹو: عاجل

ماہر فلکیات عبدالعزیز الحصینی کے مطابق مشرقی ریجن کی الاحسا کمشنری کا شہر الہفوف سورج گرہن کا منظر دیکھنے کے لیے سب سے مناسب مقام ہے۔
سعودی عرب کا جو علاقہ الہفوف سے جتنے فاصلے پر ہوگا اسی تناسب سے وہاں سورج گرہن جزوی طور پر نظر آئے گا۔ فاصلہ جتنا زیادہ ہوگا سورج گرہن کا دورانیہ اتنا ہی کم ہوتا چلا جائے گا۔
فلکیاتی علوم کی عرب تنظیم کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے بتایا کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں سورج جزوی طور پر آنکھوں سے اوجھل رہے گا۔
سورج کا گرہن زدہ بیشتر حصہ سعودی عرب کے جنوب مشرقی علاقوں میں دیکھا جا سکے گا۔ اس کا منظر سلطنت عمان، قطر، امارات، بحرین میں بھی نظر آئے گا۔

 ماہرین فلکیات نے سورج گرہن دیکھنے کے خطرات سے متعلق خبر دار  کیا ہے۔ فوٹو: عاجل

احتیاطی تدابیر کیا ہیں

ماہرین فلکیات نے سورج گرہن دیکھنے کے خطرات سے متعلق خبر دار بھی کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرہن کے دوران زیادہ دیر تک سورج کی طرف دیکھنا اور سولر فلٹر استعمال نہ کرنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
سورج گرہن کے دوران سیلفی لینے کی کوشش نقصان دہ ہوسکتی ہے۔
عام سن گلاسز کے بجائے خصوصی ڈیزائن کردہ سولر فلٹر گلاسز استعمال کیے جائیں جو مہلک شعاعوں کو روکتے ہیں۔
کیمرے کے لینس کے لیے بھی خصوصی طور پر تیار کردہ فلٹر استعمال کیا جائے۔

شیئر: