2019 پاکستان کے لیے ہنگامہ خیز مگر مثبت تبدیلیوں والا سال
2019 پاکستان کے لیے ہنگامہ خیز مگر مثبت تبدیلیوں والا سال
جمعہ 27 دسمبر 2019 12:29
ذیشان ظفر - اردو نیوز اسلام آباد
رواں برس پاکستان کی ایک بڑی مبثت خبر برطانیہ سے جڑی ہے۔ فوٹو:اے ایف پی
ریاست پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے تو دوسری جانب ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت میں مشکلات کا سامنا ہے، لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے جلد ہی اس سے نکل آئیں گے۔
پاکستان میں رہتے ہوئے یقیناً آپ کو ایسے بیانات ذہن نشین ہو چکے ہوں گے لیکن یہاں آپ کو ایسے بیانات دوبارہ یاد کرانے کی ضرورت نہیں بلکہ 2019 میں ہونے والے چند اچھے واقعات کے بارے میں بتاتے ہیں جو این آر او دینے یا نہ دینے، کسی کو پھانسی کیوں دی اور علاج کیا پاکستان میں نہیں ہو سکتا کی بحث سے آپ کو کچھ دیر کے لیے دور لے جائیں گے۔
عوام کو وزیراعظم عمران خان نے رواں برس کے اوائل میں تیل اور گیس کے ایک بڑے ذخیرے کی جلد دریافت میں جیک پاٹ کی نوید سنائی تھی لیکن یہ دریافت صرف خبروں تک رہی۔ تاہم ملک کے سول ایوی ایشن میں برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئر ویز کی 11 برس بعد واپسی کو حکومت نے کسی جیک پاٹ سے کم قرار نہیں دیا۔
اس میں حقیقت بھی تھی کیونکہ تین جون کو برٹش ایئر ویز نے 11 برس بعد پاکستان کے لیے اپنی سروس کا دوبارہ آغاز کیا اور یہ ملک میں مغربی ممالک کی پہلی فضائی سروس ہے جس نے سیکیورٹی کی خراب صورتحال کی وجہ سے اپنے آپریشنز بند کر دیے تھے اور حالات بہتر ہونے کے بعد یہاں واپس آئی۔
بات برطانیہ کی ہو رہی ہے تو رواں برس پاکستان کی ایک بڑی مبثت خبر برطانیہ سے ہی جڑی ہے۔ اکتوبر میں برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کیا جو کہ برطانیہ کے کسی بھی شاہی جوڑے کا 13 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔
شاہی جوڑے کے دورے کے دوران مقامی میڈیا ملک کے تمام مسائل بھول گیا اور دورے کے ایک ایک لمحے کو رپورٹ کیا گیا جس میں شہزادی نے کون سے ملبوسات پہنے، جھمکے کہاں سے آئے اور ان کو ڈیزائن کرنے والے پاکستانی ڈیزائنر کون تھے، یہ تمام معلومات شامل تھیں۔
شاہی جوڑے نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی، چوکے چھکے لگائے اور کیلاشی برادری کے ساتھ رقص کیا۔ خوب تصویریں بنوائیں جن کی تشہیر سے پاکستانی عوام بہت لطف اندوز ہوئے۔
شاہی جوڑے کی پاکستان میں موجودگی کے دوران ہی 14 اکتوبر کو ریسلر انعام بٹ نے قطر میں ہونے والی ورلڈ بیچ گیمز کے ریسلنگ مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔
شاہی جوڑے کے بعد نومبرمیں ہالینڈ کی ملکہ میکسما نے بھی پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا۔
ان دوروں کے بعد نامورغیر ملکی جریدے سی این ٹریولر نے پاکستان کو آنے والے سال 2020 کے لیے بہترین سیاحتی مقام قرار دیا ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد بیان کی ہے۔
رسالے نے لکھا کہ پاکستان میں اب حالات بہتر ہو گئے ہیں اور اس کے پاس بہترین موقع ہے کہ دو دہائیوں سے دہشت گردی اور طالبان کی موجودگی سے سیاحت کو پہنچنے والے نقصان کے بعد اب ایک بار پھرعالمی سیاحت میں اپنا مقام لے۔
یہ یقیناً پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے لیکن تشویش کی بات بھی ہے کیونکہ پاکستان میں مقامی سیاحت کے لیے انفراسٹکچر اچھی حالت میں نہیں۔
چلیں اچھی اچھی باتیں ہو رہی ہیں تو مسائل پر بات کرنے کے بجائے ایک اور اچھی خبر پڑھیں، یہ کرتار پور راہداری کے بارے میں ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کے حوالے سے 2019 بالکل اچھا نہیں رہا۔ ایک دوسرے کے خلاف فضائی قوت استعمال کرنے کی خبروں کے درمیان کرتار پور راہداری پر کام جاری رہا اور 9 نومبر کو گرو نانک کے 550 ویں جنم دن پر سکھ یاتریوں کی آمد کے لیے یہ راہداری کھول کر پاکستان نے نہ صرف عالمی میڈیا میں جگہ بنائی بلکہ پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل حقوق کے امیچ کو بہتر کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ اس اقدام سے خطے میں امن کا پیغام دے کران حلقوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا جو جنگ کو ہر مسئلے کا حل سمجھتے ہیں۔
سال 2019 کی ایک اور بہت بڑی خبر پاکستان میں نو برس بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہے۔ 2009 میں لاہور میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن ٹیم پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد ملک پر بین الاقوامی کرکٹ کے دورازے بند ہو گئے تھے اور 2019 میں سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے اب میدان دوبارہ آباد ہو گئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس سیریز کے توسط سے دیگر ٹیموں کے پاکستان آنے کی بھی توقع ہے جس سے برسوں سے ویران پڑے میدانوں کی رونقیں بحال ہوں گی۔
کھیل کے میدان سے ہی ایک مثبت خبر یہ رہی کہ نیپال میں ہونے والے 13ویں ساؤتھ ایشیئن گیمز کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 32 طلائی، 41 چاندی اور59 کانسی کے میڈلز حاصل کیے جس کو ایک طویل عرصے بعد ایک اہم کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسی طرح نومبر میں پاکستان کے محمد آصف نے ترکی میں کھیلے جانے والے مقابلے عالمی سنوکر چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
میدانوں سے نکل کر اگر آسمانوں کی بات کی جائے تو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ستمبر میں بیان دیا تھا کہ پاکستان 2022 میں خلا میں اپنا پہلا مشن بھیجے گا لیکن اس بیان سے کئی ماہ پہلے فروری میں پاکستان کی 12 سالہ لڑکی رادیہ عامر کو امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے ایک ہفتے کی انٹرنشپ کے لیے منتخب کیا تھا جس کے دوران وہ آئندہ نسل کی خلا بازوں کی تربیتی مرحلے کا حصہ بنیں۔
سال ختم ہونے کو ہے اور جو لوگ یہ شکوے کر رہے ہیں کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ سستے مکانات دیے جائیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ حالات مزید خراب ہو گئے تو ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ آپ نے پریشان نہیں ہونا کیونکہ 2019 ختم ہونے سے چند روز پہلے ہی وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ سال 2020 نوکریوں اور ملکی ترقی کا سال ہو گا۔