محکمہ پاسپورٹ نے فنگر پرنٹس اور آنکھوں کے عکس کا ریکاڈ جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔ فائل فوٹو
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیاہے کہ ’ ھویہ مقیم ‘ (اقامہ) کی میعاد ختم ہونے پر 3دن تک تجدید نہ کرانے کی صورت میں تاخیر کا جرمانہ لاگو کیا جائے گا۔ اگر کسی کا اقامہ 4جنوری 2020ءکو ختم ہوگیا تو ایسی صورت میں اس پر تاخیر کا جرمانہ اقامہ ختم ہونے کے تین دن بعد نافذ ہوگا۔ اگر 3دن کے اندر اقامے کی تجدید کرالی گئی تو ایسی صورت میں جرمانہ نہیں ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے یہ وضاحتی بیان ٹویٹر پر ایک غیر ملکی مقیم کے اس سوال کے جواب میںدیا ہے جس میں پوچھا گیا تھا کہ اقامہ ختم ہونے پر تجدید نہ کرانے کی صورت میں جرمانہ کب سے نافذ ہوگا؟
محکمہ پاسپورٹ نے اس سے قبل سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکیوں سے اپیل کی تھی کہ جس تارک وطن نے اب تک فنگر پرنٹس اور آنکھوں کا عکس ریکارڈ نہیں کرایا ہے وہ پہلی فرصت میں محکمہ پاسپورٹ سے رجوع کرکے اپنے اور اہل و عیال کے فنگر پرنٹس اور آنکھوں کے عکس کا ریکارڈ جمع کرادیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے ایک بار پھر توجہ دلائی ہے کہ اگر کسی تارک وطن نے اپنے اور اہل و عیال کے فنگر پرنٹس اور آنکھوں کا عکس ریکارڈ نہیں کرایا ہے تو کمپیوٹر میں ان کا ریکارڈ بلاک کردیا جائے گا اور ایسا کرنے پر وہ محکمہ پاسپورٹ سے مقررہ خدمات حاصل نہیں کرسکیں گے۔