پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان 2000 میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر رہ چکے ہیں۔ (فوٹو:سوشل میڈیا)
کیمسٹری کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں چین نے پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان کو چین کے اعلیٰ ترین سائنٹیفیک ایوارڈ سے نوازا ہے۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ کے دا گریٹ پیپل ہال میں صدر شی جن پنگ نے پروفیسر عطا الرحمان کو ایوارڈ دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان نے آرگینک کیمسٹری، جینیٹکس، فارماکولوجی، اگریکلچر سائنسز، وائرولوجی، نینو ٹیکنالوجی سمیت دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں چین کے ساتھ کام کیا ہے۔
چین کا اعلیٰ ترین سائینٹیفیک ایوارڈ دنیا کے صف اول کے سائنسدانوں کو دیا جا چکا ہے جن میں نوبیل انعام یافتہ سائنسدان بھی شامل ہیں۔
پاکستان نے پروفیسر عطا الرحمان کی سائنس کے شعبے میں گرانقدر خدمات کے لیے چار سول ایوارڈز تمغہ امتیاز، ہلال امتیاز،ستارہ امتیاز اور اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازا ہے۔
پروفیسر عطا الرحمان وزیراعظم کی سائنس اور ٹیکنالوجی ٹاسک فورس اور پرائم منسٹر ٹاسک فورس آن ٹیکنالوجی ڈریون نالج اکانومی کے چیئرمین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے کو چیئرمین ہیں۔
پروفیسر عطاالرحمان نے 1968 میں کیمبرج یونیورسٹی سے آرگینک کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی۔ آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں 1250 کے قریب پبلیکیشنز سمیت 775 تحقیقی مقالوں اور تحقیقاتی پیپرز امریکہ اور یورپ میں چھپ چکے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان 2000 میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر اور 2002 میں تعلیم کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔