Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش اور برفباری سے پاکستان میں 104 ہلاک

حکام کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں حالیہ دنوں میں بارشوں، برفانی تودے گرنے اور سیلاب سے 139 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ امدادی کارکنوں کو برف باری سے متاثرہ افراد تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پاکستان بھر میں 104 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی لوگ ابھی تک لاپتا ہیں۔ بارشوں سے 213 مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔‘
 دوسری جانب افغانستان میں 39 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

 

این ڈی ایم اے کے مطابق ’حالیہ بارشوں سے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 62 افراد ہلاک اور 10 لاپتا ہیں۔‘
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق ’شدید برف باری سے وادی نیلم میں برفانی تودے گرنے کے کئی واقعات ہوئے، ایک تودہ گرنے سے 19 افراد ہلاک ہوئے گئے ہیں جبکہ 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔‘
 مسلسل برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں کئی شاہراہیں اور سڑکیں بند ہو جاتی ہیں جس سے مقامی آبادی کے علاوہ ریسکیو ورکرز  کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام کے مطابق وادی نیلم میں سکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ علاقے کی کئی شاہراہیں اور سڑکیں بھی بند ہیں۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ’ شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں کئی افراد کی جانیں چلی گئی ہیں اور لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔‘

عمران خان نے مظفرآباد میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی، فوٹو: وزیراعظم آفس

وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا دورہ کیا اور علاقے میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
عمران خان نے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا اور زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’شدید بارشوں سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں 31 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ بارشوں اور برف باری سے سینکڑوں افراد مختلف علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔‘
دوسری جانب افغانستان کی نیچرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ’ملک بھر میں بارشوں اور برف باری سے 300 سے زیادہ گھر یا تو تباہ ہو گئے ہیں یا انہیں جزوی نقصان پہنچا ہے۔‘

افغانستان میں بارشوں اور برف باری سے 300 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، فوٹو: روئٹرز

حکام کے مطابق دو ہفتے قبل شروع ہونے والی بارشوں اور برف باری سے نقصانات ہوئے ہیں اور زیادہ تر افراد چھتیں گرنے سے ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘
حکام کے مطابق بارشوں اور برف باری سے افغانستان میں ’قندھار، ہلمند اور زابل کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔‘

شیئر: