Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی سٹارٹ چھوڑنے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟

بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔فوٹو ۔ سوشل میڈیا
ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سٹارٹ حالت میں چھوڑکر جانا قانونی خلاف ورزی شماری کی جاتی ہے ۔ ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی نہ ہو اور وہ اسٹارٹ حالت میں کھڑی ہو تومالک کے خلاف چالان کاٹے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں گاڑیاں چوری کی وارداتوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چالان کیے جاتے ہیں۔
مقامی نیوز ویب ' اخبار 24 ' کے مطابق ٹریفک پولیس کے مروجہ قانون میں سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر کم از کم 100 اور زیادہ سے زیادہ 150 ریال چالان کیاجاتاہے۔

 تنہا بچوں کو اسٹارٹ گاڑی میں چھوڑنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ فوٹو،سوشل میڈیا

اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنی اشیاء کی حفاظت کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دکان یا کسی بھی مارکیٹ کے سامنے گاڑی پارک کر نے کے بعد اس امر کی یقین دہانی کر لی جائے کہ گاڑی سٹارٹ حالت میں تو نہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے کی مطلب ہے کہ چوروں کو خود دعوت دی جائے اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ اپنی جانب سے کسی قسم کا موقع فراہم نہ کیاجائے۔
واضح رہے گزشتہ کئی ماہ سے مملکت کے مختلف شہروں میں کار چوری کی متعدد وارداتیں ہورہی ہیں جن میں سے بیشتر حالات میں گاڑی سٹارٹ حالت میں ہوتی جس میں چوروں کو کسی قسم کی مشقت نہیں کرنا پڑتی۔
دوسری جانب محکمہ سیفٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹومیٹک گاڑیوں کے بیشتر حادثات اس وجہ سے بھی ہوتے ہیں کہ گاڑی میں بچوں میں موجودگی میں اسے  سٹارٹ حالت میں چھوڑ کر جاتے ہیں۔ بچے کھیل ہی کھیل میں گیر لگا دیتے ہیں جس سے گاڑی حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔
حفاظتی قوانین کے تحت اس امر کا خاص خیال رکھنے کی خاص ہدایت کی جاتی ہے کہ گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں اسے کبھی اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

شیئر: