وزٹ ویزے پر مملکت آنے والے ٹریفک قوانین کا خاص خیال رکھیں ۔ فوٹو ، سبق نیوز
سعودی عرب میں متعدد تبدیلیاں کی جا چکی ہیں جن میں مملکت آنے والے وزٹرز کو ڈرائیونگ کی اجازت دینا بھی شامل ہے۔ وزٹ ویزے پر آنے والے زائرین اپنے ملک کے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس پر گاڑی چلا سکتے ہیں ۔
اس ضمن میں انہیں مقامی ٹریفک قوانین کا بھی خیال رکھنا ہو گا بصورت دیگر خلاف ورزیوں پر خود کارچالان کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔ قبل ازیں خود کارچالان نہ ہونے کی وجہ سے عرب ریاستوں سے اپنی گاڑیوں پر آنے والوں کو کافی مراعات حاصل ہو جاتی تھیں مگر اب جبکہ مملکت کے تمام بڑے اورشہروں میں خود کار چالان سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے وزٹ ویزے پر آنے والوں پر بھی اس قانون کا نفاذ کر دیا گیا ہے ۔
مقامی نیوز ویب 'اخبار 24' نے ٹریفک پولیس ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ' وزٹ ویزے پر آنے والے وہ افراد جنہیں ٹریفک خلاف ورزی پر خود کار سسٹم سے چالان کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ جب تک چالان ادا نہیں کرتے انکا ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا ' ۔
ایسے زائرین جن کے سسٹم پر چالان ریکاڈ کیا جا چکا ہے انہیں اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب وہ اپنی فلائٹ سے چند گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچتے ہیں جہاں انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کی وجہ سے انکا سسٹم سیز ہے جس کے سبب انکا ایگزٹ نہیں لگتا ۔
سعودی وزارت داخلہ کی ڈیجیٹل سروس ' ابشر ' کے عنوان سے مختلف خدمات فراہم کرتی ہے ۔ اس سروس سے ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات اور ادائیگی کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔
ڈیجیٹل سروس ' ابشر ' اس وقت تک فعال نہیں ہو سکتی جب تک اس کا باقاعدہ اکائونٹ نہ بنایا جائے ۔ وزارت داخلہ کی زیر نگرانی کام کرنے والے ٹریفک پولیس کے ادارے کی جانب سے وزٹرز کے لیے ' ابشر ' میں خصوصی طور پر اس سہولت کا اضافہ کیا گیا ہے وہ اپنے ویزہ انٹری نمبر سے ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات حاصل کرکے مملکت سے روانگی سے قبل انہیں ادا کردیں ۔
وزٹرز اس سہولت کو www.moi.gov.sa پر لاگ ان کر کے حاصل کر سکتے ہیں ۔ مذکورہ ویب پر لاگ ان کرنے کے بعد " ابشر ـ" کو کلک کیا جائے بعدازاں ' ابشر افراد ' کے برائوز پرکلک کریں جس کے بعد وزٹرز ٹریفک چالان خلا ف ورزیوں کو کلک کریں جس میں متعدد آپشنز دیئے گئے ہیں جس کے مطابق انٹری ویزہ نمبر یا خلیجی ریاستوں کے کارڈ پر آنے والوں کے لیے کارڈ نمبر فیڈ کرکے ٹریفک چالان کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔