مظاہرین لبنانی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ ’حکومت نااہل اور بد عنوان‘ ہے۔
سنیچر کو ہونے والے مظاہروں کا آغاز اس وقت ہوا جب منہ پر کپڑے لپیٹے مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف جانے والی سڑک پر کھڑی پولیس پارٹی پر پتھر، گملے اور دیگر اشیا مارنا شروع کیں۔
کچھ مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف جانے کے لئے خار دار تاریں ہٹا کر آگے جانے کی کوشش شروع کر دی اور کچھ نے ٹریفک سگنل کے پول توڑ کر انہیں پولیس کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا۔
سیکورٹی فورسز نے اس کے جواب میں واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
سول ڈیفینس نے سنیچر کی رات کہا کہ 43 افراد کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا، جبکہ 144 کو موقعے ہی پر طبی امداد دی گئی۔
ریڈ کراس نے کہا اس کے اہکاروں نے 80 افراد کو ہسپتال پہنچایا اور 180 مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو طبی امداد دی گئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک ویڈیو پر تحقیقات شروع کر دی ہیں جس میں بظاہر یہ لگ رہا ہے کہ پولیس مظاہرین پر تشدد کر رہی ہے۔
لبنان میں گذشتہ برس اکتوبر سے شروع ہونے والے مظاہروں میں مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نئی حکومت بنائی جائے جس میں غیرجانبدار ماہرین کو شامل کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت سے نکالا جائے۔