’اسرائیل کے ڈرو نز نے بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں کے اوپر پرواز کی۔‘ فوٹو: فائل
لبنان نے اسرائیل پر پھر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ بیروت کے جنوبی نواحی علا قے میں جاسوس ڈرون بھیجا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان کی فوج نے ایک بیان میں کہا ’اسرائیل کے ڈرو نز نے ہفتے کی رات لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں کے اوپر پرواز کی اور وہاں سے چلے گئے۔‘
واضح رہے کہ بیروت کے جنوبی نواحی علاقے حزب اللہ کا گڑھ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سال 25 اگست کو بھی اسرائیل نے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں دو مسلح ڈرون بھیجے گئے تھے جس میں ایک دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔
حزب اللہ نے اسرائیل کے ڈرون مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ میں کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری نے اسرائیل کے ڈرون حملے کو لبنان کی خود مختاری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر1701 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اسرائیلی ڈرون گرنے کا واقعہ اس کی کھلی جارحیت کا ثبوت ہے۔
’اسرائیل کا نیا جارحانہ حملہ علاقائی استحکام کے لیے خطرے کا باعث ہے۔ یہ حالات کو مزید کشیدہ بنانے کی کوشش ہے۔‘
سعد الحریری کا کہنا تھا، ’عالمی برادری اور دنیا بھر میں لبنان کے دوست ملکوں پر سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحفظ اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خطرات سے بچانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ لبنانی حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔‘