Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: گرد آلود ہواﺅں کے بعد برفباری

شاہراہوں پر حد نظر بے حد محدود ہوگئی ہے۔فوٹو: عاجل
سعودی عرب میں ایک ہفتے سے موسم غیر مستحکم ہے۔ جمعہ کو تبوک، مدینہ منورہ، الجوف اور نجران میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ تبوک میں حد نظر محدود ہوگئی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے اور عاجل کے مطابق فلکیاتی علوم کی عرب تنظیم کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ڈرائیونگ انتہائی محتاط انداز میں کریں۔

’حدود شمالیہ ،تبوک، الجوف اور حائل میں برفباری شروع ہوگئی۔ فوٹو: ٹوئٹر

ڈاکٹر خالد الزعاق بتایا ’ شمالی حدود ریجن، تبوک، الجوف، حائل، طریف، عرعر، رفحا اور الحفر شہروں کو جوڑنے والی شاہراہوں پر حد نظر بے حد محدود ہوگئی ہے۔ گرد آلود آندھیاں چل رہی ہیں‘۔
 سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ’حدود شمالیہ ،تبوک، الجوف اور حائل میں شام کے وقت سے برفباری شروع ہوگئی۔ گرد آلود ہواﺅں کے بعد بوندا باندی کا سلسلہ رہا اور اب برفباری کا سلسلہ جاری ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تبوک شہر ، اس کی کمشنریوں، البدع، الوجہ، ا ملج، تیماءاور ضباءمیں موسم گرد آلود اور سرد ہواﺅں کی وجہ سے جمعے کوسعودی شہری اور مقیم غیر ملکی گھروں تک محدود رہے۔
 بازاروں میں سناٹا چھایا رہا ۔ جمعے کی نماز کے لیے بھی لوگ کم تعداد ہی میں جامع مساجد پہنچے تھے۔ جمعے کے خطبات مختصر رہے۔

شیئر: