کبوتر نے شدید سردی سے بچاﺅ کیسے کیا؟
شدید سردی سے پرندے بھی مشکل میں ہیں، فوٹو: المرصد
کسی نے سچ کہا ہے کہ درد اور اس کے علاج کی زبان ایک ہوتی ہے۔ یہ درد کسی انسان کو ہو یا بے زبان کو، درد درد ہی ہوتا ہے۔ اس سے بچاﺅ کے لیے انسان ہو یا پرندہ فطری طور طریقے اختیار کرتا ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ان دنوں شدید سردی کی لہر آئی ہوئی ہے۔مملکت کے بیشتر علاقے زبردست سردی کی زد میں ہیں۔
شدید سردی سے جہاں انسان اور عام جانور متاثر ہو رہے ہیں وہیں پرندے بھی مشکل میں ہیں۔
ایک کبوتر کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جگہ ہاتھ تاپنے کے لیے الاﺅ روشن ہے اور اس کے قریب کبوتر بیٹھا ہوا ہے۔ سردی کے شدید احساس نے اسے اپنے بچاﺅ کے لیے الاﺅ کا سہارا لینے پر مجبور کیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تبصروں میں کہا ہے کہ ’ایسا لگتا ہے کہ کبوتر کو سخت سردی سے بچاﺅ کے لیے اس الاﺅ سے بہتر پناہ گاہ کوئی اور نظر نہیں آئی‘۔