Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پتہ وتہ کچھ نہیں، باتیں کرنے کو تیار ہیں‘

پی ایس ایل سیزنز کے موقع پر ترانے جاری کرنا روایت بن چکا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ٹورنامنٹ پی ایس ایل فائیو کا ترانہ روایتی میڈیا سمیت ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا تو سوشل میڈیا صارفین نے گزشتہ ترانوں سے اس کا موازنہ شروع کر دیا۔
پی ایس ایل فائیو کا ترانہ ڈیجیٹل میڈیا پر ریلیز ہوا تو ابتدائی چند گھنٹوں میں صرف فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر اسے تقریباً ایک ملین مرتبہ دیکھا گیا۔
آفیشل ترانہ جاری کرنے کے لیے لاہور میں منعقدہ تقریب کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ ترانے سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی مارکیٹنگ مہم باقاعدہ شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کرکٹ شائقین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترانے نے ملکی میدانوں میں ہونے والے پی ایس ایل سے متعلق کرکٹ شائقین کے جذبات کا عمدہ اظہار کیا ہے۔
صارفین نے پی ایس ایل فائیو سے قبل ہونے والے ایڈیشنز کے لیے تیار کیے گئے ترانوں کا ذکر کرتے ہوئے بڑے ناموں سے مزین موجودہ ترانے پر بہت زیادہ اطمینان کا اظہار نہیں کیا۔
لامیا نومی نامی ہینڈل نے ’تیار ہیں‘ کی ریلیز کے بعد تینوں پی ایس ایل ترانے سننے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی بھی علی ظفر کے پیش کردہ پی ایس ایل ترانے کے معیار کو نہیں پہنچ سکتا۔

نئے اور گزشتہ ترانوں کے فرق کا ذکر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین میں کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے پی ایس ایل کے سابقہ ترانے کو نئی وڈیو کے ساتھ پیش کر ڈالا۔ فیضان رسول نامی صارف نے سیاستدانوں، مقررین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے مختلف کلپس کو جمع کر کے تیار کی گئی وڈیو کو پی ایس ایل 2020 کی عمدہ وڈیو قرار دیا۔

نئے ترانے کے ناقدین کو کچھ صارفین کی جانب سے سخت سننا پڑیں۔ ہارون شاہد نامی صارف نے لکھا کہ بہت سے لوگ مجھے ہارون راشد (ترانے کے چار گلوکاروں میں سے ایک) سمجھ کر ٹیگ کر رہے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ میوزک کو کتنا سمجھتے ہیں۔ پتہ وتہ کچھ نہیں ہے بس باتیں کرنے کو تیار ہیں۔

’تیار ہیں‘ کے امیدوں پر پورا نہ اتر سکنے والے جوابی تنقید کے باوجود اپنے جذبات کا اظہار کرنے سے باز نہیں آئے۔ اٹس بلز نامی ہینڈل نے ترانہ ریلیز ہونے سے پہلے اور بعد کے جذبات کی ترجمانی کے لیے تصویروں کا سہارا لیا۔

عائشہ نامی صارف نے بھی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سننے کے لیے انتظار کیا تھا۔

اس سے قبل پی ایس ایل فور کا ترانہ ’کھیل دیوانوں کا‘ فواد خان جب کہ پی ایس ایل ون، ٹو اور تھری کے ترانے علی ظفر کی آوازوں میں ریلیز کیے گئے تھے۔ مختلف سیزنز کے لیے پیش کردہ پی ایس ایل ترانوں پر مختلف شائقین نے اپنی اپنی آرا کا اظہار کیا تاہم پی ایس ایل ٹو کے ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ کو نسبتا زیادہ پزیرائی ملی تھی۔
پاکستان سپر لیگ 2020 کا ترانہ ’تیار ہیں‘ عارف لوہار، علی عظمت، ہارون راشد اور عاصم اظہر کی آوازو میں تیار کیا گیا ہے۔ میوزیشن زوالفقار جبار خان (زلفی) کے تیار کردہ ترانے کی ویڈیو فلم لال کبوتر کے ڈائریکٹر کمال خان کی پیشکش ہے۔
پی ایس ایل ترانے ’تیار ہیں‘ کے دوران موسیقی کے 22 مختلف آلات استعمال کیے گئے، ان میں تمبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم شامل ہیں۔ گانے کی وڈیو میں مختلف مناظر اور کرداروں سمیت پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم، سرفراز احمد، حسن علی، رومان رئیس، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو دکھایا گیا ہے۔

شیئر: