Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آنکھیں چیک کرائیں، شاید چشمے کی ضرورت ہو‘

سردرد بھگانے کو ماہرہ خان نے دیسی نسخے کیا پوچھے جوابات کی لائن لگ گئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
روایتی میڈیا کی موجودگی میں تیزی سے متبادل ابلاغی محاذ بننے والے ڈیجیٹل باالخصوص سوشل میڈیا کو تفریح طبع یا غیر ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینے کا باعث سمجھا جاتا ہے لیکن یہ میڈیم وقتا فوقتا اپنی افادیت کا اظہار کرتا رہتا ہے۔
سوشل میڈیا پر موجود سیلبرٹیز میں فعال ترین شخصیات میں شمار کی جانے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمی اس افادیت کا نیا ثبوت بن گئی ہے۔
ماہرہ خان نے ٹوئٹر کا رخ کیا اور کئی دن سے دوائیں استعمال کرنے کے باوجود نہ ختم ہونے والے سر درد کا ذکر کیا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ہر چار تا چھ گھنٹوں کے بعد دوائیں لینے کے باوجود دو دن سے ہونے والے سردرد کو آرام نہیں آ رہا۔ اگر اس سے جان چھڑانے کا کوئی طریقہ یا دیسی نسخہ ہو تو ضرور بتائیں۔
ماہرہ خان کی ٹویٹ کیے جانے کے کچھ ہی دیر میں اس گفتگو میں حصہ لینے والوں کی تعداد سات ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
ماہرہ کو دیسی نسخے بتانے والوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد شامل رہے۔
ٹیلی ویژن پریزینٹر علینہ فاروق شیخ نے اپنے معاملے میں بہترین نتیجہ دینے والا نسخہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی کنپٹی پر ٹائیگر بام لگائیں۔‘ ساتھ ہی خبردار کیا کہ یہ خاصا تیز اثر رکھتی ہے اس لیے محتاظ رہیں۔

مشوروں میں خود کفالت کے درجے پر فائز سمجھے جانے والے سوشل میڈیا صارفین نے صرف دیسی نسخے ہی نہیں بتائے بلکہ لائف سٹائل میں تبدیلیوں اور متعدد دواؤں تک کو گفتگو کا حصہ بنا ڈالا۔ کوئی انہیں تکیہ بدلنے، آرام کرنے کے مشورے دیتا رہا تو کسی نے دوا کے استعمال میں وقفہ بڑھانے یا دورانیہ یکساں رکھنے کی تجویز دی۔
لکھاری اور ڈیجیٹل میڈیا پروفیشل مہوش اعجاز نے اپنا آزمودہ نسخہ بتاتے ہوئے ماہرہ خان کو بادام استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔

میدان طب و نفسیات سے وابستہ صارفین بھی گفتگو کا حصہ رہے۔ ربیعہ اکبر نامی سائیکاٹرسٹ نے لکھا کہ ’کوئی نسخہ آزمانے سے قبل اپنا بلڈ پریشر چیک کرائیں۔‘

صائمہ خان نامی ہینڈل نے لکھا کہ کم روشنی والے کمرے میں رہیں اور زیادہ سے زیادہ سونے کی کوشش کریں، اس سے آپ کو درد کم محسوس ہوگا۔‘

انڈین شہر بمبئی سے تعلق رکھنے والی  صحافی ہرنیت سنگھ نے ماہرہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی آنکھیں چیک کرائیں ہو سکتا ہے انہیں چشمے کی ضرورت ہو۔

شیئر: