چین سے باہر کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت
چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت نے چین سے باہر کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اتوار کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ فلپائن میں کورونا وائرس کے باعث ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے، جو چین سے باہر ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔
اے ایف پی کے مطابق مرنے والے شخص کا تعلق چین سے تھا جو وائرس زدہ شہر ووہان سے آیا تھا۔
عالمی ادراہ صحت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کو ’عالمی ایمرجنسی‘ صورتحال قرار دے چکا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق فلپائن نے چین سے آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں کی اپنے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے فلپائن میں تعینات نمائندے رابندرا نے اتوار کے روز صحافیوں کو بتایا کہ چین کے باہر کورونا وائرس سے ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔
رابندرا نے وضاحت کی کہ ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق چین کے شہر ووہان سے تھا، اور فلپائن آنے سے پہلے ہی وہ شخص وائرس سے متاثر ہو چکا تھا۔
مرنے والے شخص کے ہمراہ ایک چینی خاتون بھی تھیں جو وائرس سے متاثر ہیں۔
فلپائن کے سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ خاتون فلپائن کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور صحت یاب ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلپائن میں کورونا وائرس کا یہ پہلا کیس ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 14 ہزار سے زائد چینی شہری وائرس سے متاثر ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔
چین کے علاوہ 20 ممالک تک وائرس پھیل چکا ہے اور ان ملکوں میں سو سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کئی ممالک اپنے شہریوں کو چین سے واپس بلا چکے ہیں۔