Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راکھی ساونت کی کورونا وائرس سے ’لڑائی‘

راکھی ساونت نے کورونا وائرس پر مزاحیہ تبصرہ کیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
گذشتہ دنوں انڈیا میں جہاں دہلی کے اسمبلی انتخابات، کورونا وائرس اور شہریت کے متنازع ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر مظاہرے سرخیوں میں رہے وہیں چند خبریں ایسی بھی تھیں جو دلچسپی سے خالی نہیں۔
آئیے ایسی ہی چند خبروں پر نظر ڈالتے ہیں۔
کورونا وائرس سے اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور اسے ساری دنیا میں سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے لیکن بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے انسٹا گرام پر اس پر مضحکہ خیز انداز میں تبصرہ کیا ہے۔
راکھی ساونت پر سستی شہرت حاصل کرنے کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ وہ یکے بعد دیگرے اپنے کئی انسٹا گرام پوسٹس میں بتاتی ہیں کہ وہ کورونا وائرس کو ختم کرنے کے مشن پر ہیں۔
ایک میں وہ بتاتی ہیں کہ وہ ہانگ کانگ پہنچ چکی ہیں اور وہ وہاں کے کھانے دکھاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ وہاں ویج میں بھی نان ویج یعنی سبزی میں بھی گوشت ہوتا ہے۔ ایک دوسرے ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ ’دوستو میں چین پہنچ چکی ہوں۔ میں چینی ٹوپی میں بالکل چینی لگ رہی ہوں۔ چینی مینی چاؤ چاؤ، وائرس کو کھاؤں کھاؤں۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Rakhi Sawant (@rakhisawant2511) on

اسی طرح ایک ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں چارٹرڈ طیارے سے چین بھیجا لیکن وہاں سے واپسی انہوں نے چین کی دیوار پھلانگ کر کی ہے کیونکہ طیارہ انہیں چھوڑ کر جا چکا تھا۔
انہوں  نے کہا کہ وہ کچھ وائرس اپنے ساتھ لائی ہیں جسے وہ تہاڑ جیل میں بند نربھیا کے ریپ کرنے والوں کو دیں گی کیونکہ انہیں تو پھانسی نہیں دی جا رہی ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Rakhi Sawant (@rakhisawant2511) on

ان کی ان ویڈیوز کو ہزاروں لائکس اور کمنٹس مل رہے ہیں۔ کوئی ان کو جھوٹی کہہ رہا ہے تو کوئی کچھ اور۔ بہر حال راکھی ساونت شہرت حاصل کرنے کے اپنے مقصد میں کامیاب ہیں۔

الٹی سمت چلتی ٹرین

اب جہاں جان بچانے کی بات آئی ہے تو انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں گذشتہ روز ایک ٹرین کے ڈرائیور نے ٹرین سے گر جانے والے ایک شخص کے لیے تقریباً آدھا کلو میٹر تک گاڑی الٹی سمت میں چلائی۔
لوگ سوشل میڈیا پر اس ڈرائیور کی تعریف کر رہے ہیں۔ خود انڈیا کے وزیر ریلویز نے پیچھے جاتی ہوئی ٹرین کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’آج پاچورا، ماہیجی ریلوے سٹیشن کے بیچ ٹرین سے گرے ایک زخمی مسافر کے لیے لوکو پائلٹ ٹرین کو تقریباً 500 میٹر پیچھے لے گئے اور مسافر کو ٹرین میں بٹھا کر علاج کے لیے ہسپتال پہنچایا۔ ریلوے ملازموں کی حساسیت کے ساتھ اپنی ڈیوٹی نبھانے کا یہ ایک نادر نمونہ ہے۔‘
ان کے اس ٹویٹ کو تقریباً اڑھائی ہزار بار ری ٹویٹ کیا گیا ہے جبکہ ہزاروں لوگوں نے اسے لائک کیا ہے۔ لیکن کمنٹس میں لوگ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ’اس طرح کے بہت سے بہادر ہیں آپ لوگوں کو ملازمت تو دیں۔‘
خیال رہے کہ انڈیا میں ملازمتیں کم ہونے کی شکایتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔

افریقی نسل کے چیتے

ان دنوں انڈیا میں ایک چیتے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جسے چند روز قبل محکمہ جنگلات کے ایک افسر نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔
چیتے اپنی رفتار اور پھرتی کے لیے پسند کیے جاتے ہیں اور اسے تیز دوڑنے والا جانور تصور کیا جاتا ہے۔ 30 سیکنڈ کی ویڈیو پوری رفتار سے دوڑتے ہوئے ایک چیتے کی عکاسی پیش کرتی ہے۔
سوسانت نندا نامی ایک آئی ایف ایس یعنی محکمہ جنگلات کے افسر نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جنگل میں دوڑتے ہوئے چیتے کو دیکھنا سب سے زیادہ پرشکوہ منظر ہوتا ہے۔ انڈیا افریقی نسل کے چیتے کو انڈیا میں آباد کرنا چاہتا ہے جو کہ اپنی تاریخی علاقے میں اب صرف چھ فیصد بچے ہیں۔ انڈیا کے ایشیاٹک چیتے کو آخری بار سنہ 1951 میں کوریا ضلعے میں دیکھا گیا تھا۔ اس کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔‘

اس ویڈیو کو اب تک 17 ہزار سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ اسے سینکڑوں بار ری ٹویٹ اور ہزاروں لائکس مل چکے ہیں۔ یہ چیتا 102 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
دیپانکر پاٹھک نامی ایک شخص نے لکھا کہ ’ایشیائی چیتا افریقی نسل کے چیتے سے کس طرح مختلف ہوتا ہے۔ بالاخر یہ اپنے فطری رہائش والے علاقے میں تو نہیں ہوگا؟ یہ دوسرے جانوروں پر مشتمل ایکوسسٹم کو کس طرح متاثر کرے گا؟ کسی دوسرے جگہ کے جانور کو کسی دوسرے ماحول میں متعارف کرانا کتنی اہمیت کا حامل ہے؟‘
اسی طرح کے متعدد سوالات کیے گئے ہیں اور پوچھا گیا ہے کہ کیا ان افریقی نسل کے چیتوں کو انڈین شیر زندہ رہنے دیں گے؟

اب جہاں چیتے اور شکار کی بات آئی ہے تو بتا دیں کہ انڈیا کے محکمۂ جنگلات کے پروین کیسون نامی ایک افسر نے ایک چیتے کی ایک چھپکلی کے ساتھ لڑائی کی ویڈیو پیش کی ہے جسے بہت سراہا جا رہا ہے۔
پروین کیسون نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ چیتا بمقابلہ مانیٹر لیزرڈ۔ یہ چھپکلی بہت لڑنے والی ہوتی ہے لیکن چیتے بہترین شکاری ہوتے ہیں۔

شیئر: