Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شہزادی لمیا اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر مقرر

شہزادی لمیا متعدد ایوارڈز اور اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔فوٹو:اخبار24
اقوام متحدہ نے انسانی آباد کاری پروگرام کے لیے شہزادی لمیا بنت ماجد آل سعود کو خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی خاتون کو انسانی آبادکاری پروگرام کے لیے عرب ممالک میں خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ شہزادی لمیا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا گیا ہے۔‘

پہلی مرتبہ کسی خاتون کوعرب ممالک میں خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: اخبار24)

شہزادی لمیا انسانیت نوازی کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ وہ ان دنوں’ الولید للانسانیہ فاﺅنڈیشن‘ کی سیکرٹری جنرل کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
’ الولید للانسانیہ فاﺅنڈیشن‘ نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ ’ شہزادی لمیا کے تقرر کا اعلان خوشی کا باعث ہے‘۔
شہزادی لمیا نے عرب ممالک میں خیر سگالی کی پہلی سفیر کے طور پر اپنے تقرر کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ خوشی ہے کہ بین الاقوامی تنظیم نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس اعلیٰ منصب کی ذمہ داریوں کے قابل سمجھا‘۔ 
شہزادی لمیا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’وہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور عرب ممالک کی مدد کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ شہروں میں توسیع اور عرب معاشروں پر اس کے اثرات سے پیدا ہونے والے مسائل حل کرانے کے لیے جو کچھ بھی ممکن ہوا کریں گی۔‘

شہزادی لمیا ’  سیکرٹری جنرل الولید للانسانیہ فاﺅنڈیشن‘ کے طور پر کام کر رہی ہیں (فوٹو: اخبار24)

یاد رہے کہ یونیسیف نے شہزادی لمیا کو 2019 میں مشرق وسطیٰ این جی اوز کی پہلی قائد کے طور پر منتخب کیا تھا۔
شہزادی لمیا اپنی عملی زندگی میں متعدد ایوارڈز اور اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔ انہیں 2017 میں عرب خاتون کا اعزاز فلاحی کاموں کے حوالے سے دیا گیا تھا۔ 
 لندن میں امداد و تجارت کانفرنس نے تبدیلی ساز ایوارڈ سے انہیں نوازا تھا جبکہ واشنگٹن میں نیشنل کونسل کے لیے فلاحی قیادت ایوارڈ دیا گیا تھا۔

شیئر: