ریسکیو ٹیموں نے سولہ گھنٹے بعد لاپتہ پائلٹ کو تلاش کرلیا۔فوٹو: عاجل
عسیر ریجن میں ٹڈی دل سے بچاﺅ کے لیے سپرے کرنے والے ایک انجن کے چھوٹے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے سولہ گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد لاپتہ پائلٹ کو تلاش کرلیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کا واقعہ سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے عسیر میں النماص اور المجاردة کمشنریوں کے درمیان واقع جنگلات میں پیش آیا تھا۔
عسیر گورنریٹ کے ترجمان محمد بن دوسری نے بتایا ’ ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ موسم خراب تھا ائیر کرافٹ کے کیپٹن کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
عسیر گورنریٹ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے ماتحت دواﺅں کا سپرے کرنے والے ائیر کرافٹ نے النماص کمشنری کے مغربی علاقے میں ہنگامی طور پر لینڈنگ کی ہے۔
وزارت ماحولیات کے ماتحت ہیلی کاپٹر معمول کے مطابق صحرامیں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے دواﺅں کا سپرے کررہا تھا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ائیر کرافٹ کے کیپٹن کی وڈیو سوشل میڈیاپر وائرل ہوگئی۔ کیپٹن کا تعلق سوڈان سے ہے۔
وائرل وڈیو میں کیپٹن نے کہا ’ ’اگر جنگلات میں ہنگامی لینڈنگ کا یہ واقعہ کسی اور ملک میں ہوتا تو میں شاید دنیا میں نہیں ہوتا۔ ریسکیو ٹیموں کا شکر گزار ہوں، مجھے ان پر فخر ہے‘۔