Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترک صدر طیب اردوغان کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد

وزیراعظم عمران خان نے نور خان ایئربیس پر ترک صدر کا استقبال کیا (فوٹو: پی ایم آفس)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے نور خان ایئربیس پر مہمان صدر اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان کا استقبال کیا۔
ترک صدر وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
نور خان ایئربیس سے ترک صدر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہو گئے، وزیراعظم عمران خان نے خود ان کی گاڑی ڈرائیو کی۔

 

وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیرعظم عمران خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بعد میں ترک صدر ایوان صدر گئے جہاں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان صدر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔
صدر رجب طیب اردوغان جمعہ 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔
صدر اردوان اسلام آباد میں پاک ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

عمران خان نے ایئربیس سے پی ایم ہاؤس تک مہمان صدر کی گاڑی ڈرائیو کی (فوٹو: پی ایم آفس)

ترک صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ریلوے، اطلاعات، دفاع، تجارت اور معیشت کے حوالے سے کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوہری شہریت کے معاہدے پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
صدر رجب طیب اردوغان اور وزیراعظم عمران خان پاک ترک سٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
دونوں رہنما مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: