Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب خطے میں امریکہ کا ’قریبی اتحادی ‘

امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما نے الشرق الاوسط کو انٹرویو دیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بن بندرنے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں امریکہ کا ’قریبی اتحادی ‘ہے ۔
’دونوں ملکوں کے مابین شراکت داری انتہائی مستحکم ہے اور یہ اقتدار کی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوتے ہیں‘۔
سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو میں انہو ں نے کہا ’ دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تعلقات 75سال پرانے ہیں۔ اس دوران مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جن میں سابق سوویت دور شامل تھا ۔
 ’جنگ خلیج اور تیل کے بحران کے علاوہ انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باوجود یہ تعلقات متاثر نہیں ہوئے اور ان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری آتی رہی ‘۔

شہزادی ریما نےکہا سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل پر فخر کرتی ہوںفائل فوٹو: ایس پی اے

شہزادی ریما نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو بر قرار اور مستحکم بنانے کے لیے ڈائیلاگ اور بات چیت کی اہمیت کو بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا ’بانی مملکت کے عہدسے لے کر شاہ سلمان کے دور تک امریکی سعودی تعلقات میں ہمیشہ بہتری آئی ہے۔ یہ تعلقات بنیادی مشترکہ اہداف اور مفادات پر مبنی تھے جس میں اولین ترجیح خطے میں امن و استحکام کا قیام اور باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا شامل تھا‘۔
انہوں نے کہا ’ ان ترجیحات پر آج بھی عمل جاری ہے۔ اگرچہ رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے ان رکاوٹوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے تاریخی تعلقات کو مدنظر رکھ کر باہمی مفادات کے پیش نظر کام کیا ہے ‘۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا ’سعودی خواتین کی بے شمار خواہشات اور خواب پورے ہوئے ہیںجن کی وہ طویل عرصے سے منتظر تھیں۔سعودی خواتین کو بااختیار بنانے کا عمل شاہ سلمان اور ولی عہد کے دور میں جاری وساری رہے گا‘۔
’ سعودی عرب میں خواتین کو ہر طرح کی آزادی او رحقوق حاصل ہیں جس کی دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ملکوں میں مثال نہیں‘۔
 سعودی عرب میں قانون اجرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’ مرد اور خواتین کارکنوں کی اجرت یکساں ہے۔ آج میں سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل پر فخر کرتی ہوں اور اس بات پر پورا یقین رکھتی ہوں کہ مملکت کا وژن2030 سعودی خواتین کو عالمی پلیٹ فارم پر مثالی مقام پر فائز کرے گا‘۔

شیئر: