جاوید آفریدی کے مطابق ڈیرن سیمی نے کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی سے درخواست کی ہے کہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دلوانے کے لیے وہ وزیراعظم سے بات کریں۔
بدھ کو پی ایس ایل کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر سکواش لیجینڈ جہانگیر خان اور چیئرمین احسان مانی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی غیر ملکی کھلاڑیوں میں سب سے پہلے پاکستان آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس کی بنا پر انہوں نے ویسٹ انڈین کھلاڑی کو اعزازی شہریت دینے کی درخواست صدر کی میز تک پہنچا دی ہے۔ ’ لہذا ان کو اگر ایک فون کال کر دی جائے تو یہ درخواست منظور ہو سکتی ہے۔‘
جاوید آفریدی نے کہا کہ پشاور میں اگلے سال پی ایس ایل کے میچز کرانے کی یقین دہانی کرانا پشاور کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری ہے جس پر وہ پی سی بی کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ایس ایل کے تمام میچز بغیر کسی رکاوٹ کے ہونے کے لیے دعا کریں۔ جاوید آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کو بھر پور سپورٹ کرنے کی درخواست بھی کی۔
اس موقع پر جہانگیر خان، احسان مانی اور فرنچائز مالکان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونا سب سے بڑی کامیابی ہے جس کی بڑی وجہ پرستاروں اور شائقین کرکٹ کا پی ایس ایل کو بھر پور انداز میں سپورٹ کرنا ہے۔
ان کے مطابق اس سال پی ایس ایل کے 34 میچز پاکستان میں کرانے سے سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور کھیلوں کی خالی میدان پھر سے آباد ہو جائیں گے جبکہ اس کی وجہ سے اچھے کھلاڑی بھی سامنے آ رہے ہیں جو آگے چل کر دوسرے ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔