Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان: پہلے کرونا وائرس کیس کی تصدیق

وزیر صحت نے ہرات صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا (فوٹو: )
کورونا وائرس دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اب افغانستان میں بھی کورونا کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کابل میں پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کے وزیر صحت فیروز الدین فیروز نے بتایا کہ مغربی صوبے ہرات میں تین مشتبہ مریضوں میں سے ایک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزیر صحت نے ہرات صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔
ہرات صوبہ ایران کے بارڈر کے ساتھ واقع ہے جہاں اس ہفتے کورونا سے آتھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
ایران میں چین سے باہر کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ فیروز الدین نے ایران کے بارڈر کے ساتھ واقع علاقوں کے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی آمدورفت محدود کریں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
افغانستان کی وزارت صحت میں ’ڈیزیز سروائلینس ڈیپارٹمنٹ‘ کے سربراہ سید عطا اللہ سیدزئی کا کہنا ہے کہ ہرات کے تینوں مشتبہ مریض حال ہی ایران سے واپس آئے تھے۔
ایران میں وائرس کے پھیلاؤ اور مشتبہ مریضوں کے سامنے آنے کے بعد افغانستان نے ایران کے ساتھ تمام فضائی اور زمینی راستوں کو بند کر دیا تھا اور ایران جانے اور ایران سے آنے پر مکمل پابندی لگا دی تھی۔
خیال رہے کہ ایران میں کورونا سے ہلاکتوں کے بعد پاکستان نے بھی پڑوسی ملک کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے اور ایران سے آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

کویت، بحرین اور عراق میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: روئٹرز)

دوسری جانب ترکی نے بھی ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے۔

عراق، بحرین اور کویت میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق

کویت، بحرین اور عراق میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ ان ممالک میں اس وبا کے اولین کیسز ہیں۔
کویت اور بحرین کے سرکاری میڈیا کے مطابق جن مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ حال ہی میں ایران کا سفر کر چکے ہیں۔
ایران کے پڑوسی ملک عراق میں بھی ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2500 افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: روئٹرز)

چین سے باہر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک اضافے نے عالمی وبا کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2500 افراد ہلاک اور 77 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
روئٹرز کے مطابق کورونا وائرس جو کہ اب تک دنیا کے 28 ممالک میں پھیل چکا ہے، سے چین سے باہر دو درجن ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

شیئر: