اہلکاروں کو ہنگامی حالت سے نمٹنے کی عملی تربیت دی جائیگی( فوٹو ، سوشل مڈیا)
وزارت صحت کے زیر انتظام کام کرنے والے ہسپتالوں میں ریڈیالوجی ڈپیارٹمنٹ سے منسلک تمام طبی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت حاصل کریں۔
وزارت صحت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کو جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ریڈیالوجی شعبے سے منسلک ڈاکٹرز ، نرسیں، وارڈ بوائز اور دیگر اہلکاروں خصوصاً الٹراساؤنڈ اورایم آر ائی سے منسلک افراد لازمی طور پر حفاظتی اقدامات کے تحت فراہم کیے جانے والے تربیتی کورسز میں شرکت کریں۔
مقامی ویب نیوز ’اخبار24‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ ایکسرے اور الٹراساونڈ کے شعبے میں تابکاری کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ہر کارکن کو مکمل تربیت حاصل کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں فوری طورپر تربیت یافتہ کارکن اور اہلکار مناسب اقدام کرسکیں۔
دریں اثنا جدہ کے شاہ فہد ہسپتال میں ایکسرے شعبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالھادی الغامدی نے مقامی اخبار ’الوطن‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں کام کرنے والوں کو ہنگامی حالات پر قابو پانے کی تربیت فراہم کرنا وزارت صحت کا مستحسن اقدام ہے، طبی کارکنوں کو ہنگامی حالت سے نمٹنےکی تربیت دینے کے کافی فوائد ہیں، فنی تربیت کا مقصد کارکنوں کو کسی بھی حالت سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رکھنا ہے۔‘
ڈاکٹر الغامدی نے مزید کہا ’وزارت صحت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر عملے کی فہرست مرتب کی جارہی ہے تاکہ انہیں متعلقہ ادارے کے اشتراک سے ہنگامی حالتوں سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کرائی جاسکیں۔‘
ایکسرے شعبے کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’جدہ کے شاہ فہد ہسپتال کے شعبہ ایکسرے میں 158 عملہ ہے جن میں 40 ڈاکٹرز اور 118 فنی ماہرین کام کرتے ہیں جبکہ ہسپتال میں ماہانہ بنیادوں پر آنے والے مریضوں کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہوتی ہے جو ایکسرے شعبے سےرجوع کرتے ہیں۔