Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے دو مزید کیسز، پاکستان میں متاثرین کی تعداد چار ہوگئی

سندھ کے ڈاؤ ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
 وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دو مزید افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد پاکستان میں اس بیماری کے مصدقہ مریضوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے سنیچر کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ نئے متاثرین میں سے ایک شخص کا تعلق کراچی جبکہ دوسرے کا اسلام آباد سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کا خیال طے شدہ طبی قواعد و ضوابط کے مطابق رکھا جا رہا ہے، اور جن افراد سے متاثرین رابطے میں تھے ان کا بھی پتا لگایا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے سنیچر کو کراچی کے علاقے کھارادر کے ایک رہائشی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔  
دو روز پہلے ایران سے آئے دو افراد کو سول ہسپتال کراچی میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جن میں سے ایک کو سنیچر کے روز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دوسرے شخص میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس سے پہلے بھی کراچی کے ایک اور شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا تھا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی نگہداشت اور علاج کے لیے سندھ حکومت نے ڈاؤ ہسپتال کے اوجھا کیمپس کو منتخب کیا ہے جہاں متعلقہ مشینری فراہم کی جارہی ہے۔
فی الحال کورونا وائرس کے مذکورہ مریض کو سول ہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
26 فروری کو وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ ’پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس سندھ اور دوسرا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت 15 مزید مشتبہ کیسز زیر تفتیش ہیں جبکہ اس سے قبل 100 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کروائے تھے جو تمام کلیئر پائے گئے۔

کورونا کے متاثرین میں سے ایک شخص کو ڈسچارج کر دیا گیا تھا (فوٹو اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’دونوں کیسز میں ایک بات مشترک ہے کہ دونوں افراد حالیہ دنوں میں ایران کا دورہ کر کے آئے تھے۔ دونوں متاثرہ افراد کے اہل خانہ اور ملنے والے دیگر افراد کے بارے میں تفتیش ابھی جاری ہے۔‘
انہوں نے یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت نے بر وقت اقدامات کیے اور اسی وجہ سے پاکستان خطے کا آخری ملک ہے جہاں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
’کورونا وائرس کو روکنے کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے اور ہم وہ تمام اقدامات کر رہے ہیں جن سے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھ سکیں۔‘ 
 

شیئر: