حمزہ کے ایک مداح نے کہا ’کاش حمزہ اداکاری نہ چھوڑتے‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سٹار حمزہ علی عباسی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ دوبارہ اداکاری کی طرف آ سکتے ہیں۔ کئی مشہور فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اُنھوں نے اداکاری کو خیرباد نہیں کہا بلکہ ایک لمبے عرصے کے لیے شوبز سے بریک لیا ہے۔
بریک کی وجہ بیان کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ’مذہب سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کے لیے یہ اقدام اُٹھایا ہے اور مذہب کے دائرے میں رہتے ہوئے کسی نئے پروجیکٹ میں نظر آؤں گا۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں حمزہ علی عباسی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسلام کا پیغام پھیلانے کے لیے شوبز چھوڑ رہیں ہیں۔
اُنھوں نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا تھا کہ اگر وہ کوئی دستاویزی فلم یا ڈرامہ بنائیں گے تو وہ بھی اسلام کے بارے میں ہی ہوگا۔ اس وڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تبصرے کیے گئے تھے۔
تاہم اب حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ کنارہ کشی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ شوبز کو چھوڑ رہیں ہیں۔
یہ بات اُنھوں نے اپنے ایک مداح کی ٹویٹ کے جواب میں کی، جس میں ان کی مداح نے کہا کہ ’کاش حمزہ علی اداکاری نہ چھوڑتے۔‘
گزشتہ سال ان کے فیصلے کے بعد ان پر کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید ہوئی تو اس کے جواب میں ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے شوبز انڈسڑی شہرت حاصل کرنے کے لیے نہیں چھوڑی۔
اُنھوں نے مزید کہا تھا کہ سرخیوں میں آنے کے لیے اس طرح کے کام نہیں کرتے ہیں کیونکہ انٹرٹینمنٹ انڈسڑی میں آنے کے بعد اُن کا ہر ڈرامہ اور فلم کامیاب رہی ہے۔
گذشتہ سال اگست میں حمزہ نے ماڈل و اداکارہ نیمل خاور سے نکاح کیا تھا۔ نکاح کی ایک چھوٹی سی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے حمزہ علی عباسی کو کافی سراہا تھا۔
خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی اس وقت الف ڈرامے میں نظر آرہیں ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی نئی فلم ’دا لیجنٹذ آف مولا جٹ‘ بھی جلد ریلز ہونے والی ہے۔ اس سے قبل حمزہ علی نے ’پرواز ہے جنون‘ اور ’یہ جاوانی پھر نہیں آنی‘ جیسی فلموں میں کام کیا ہے جو کہ کافی مشہور ہوئیں۔ اس کے علاوہ ’پیارے افضل‘، ’من مائل‘ اور دوسرے کئی ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کر چکے ہیں۔
حمزہ علی عباسی پاکستان کی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ بھی وابستہ رہے ہیں اور ٹوئٹر پر بھی سیاسی طور پر سرگرم نظر آتے رہے ہیں۔