سنیل کارماکر کے مطابق انہیں ووٹر کارڈ ملا تو اس پر کتے کی تصویر لگی تھی۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کی ریاست مغربی بنگال کے قصبے مُرشد آباد کے ایک رہائشی کو کتے کی تصویر لگا کر ووٹر کا شناختی کارڈ جاری کر دیا گیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیل کارماکر نے بدھ کو بتایا کہ ’انہوں نے اپنے ووٹر شناختی کارڈ میں تصحیح کے لیے درخواست دے رکھی تھی، اور جب انہوں نے نظرثانی شدہ کارڈ حاصل کیا تو اس پر ان کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر لگی ہوئی تھی۔‘
’گذشتہ روز مجھے دالال سمرتی سکول بلایا گیا اور مجھے یہ ووٹر کارڈ دیا گیا۔ میں نے کارڈ پر تصویر دیکھی، وہاں پر موجود افسر نے اس پر دستخط کیے اور کارڈ میرے حوالے کر دیا تاہم انہوں نے تصویر نہیں دیکھی۔‘
سنیل کارماکر نے مزید کہا کہ ’یہ میری عزت سے کھیلنے کے مترادف ہے، میں بلاک ڈویلپمنٹ آفس (بی ڈی او آفس) گیا اور ان سے درخواست کی کہ ’ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
تاہم بی ڈی او افسر نے بتایا کہ ’تصویر پہلے ہی تبدیل کر دی گئی ہے اور انہیں صحیح تصویر کے ساتھ نیا نظرثانی شدہ کارڈ مل جائے گا۔‘
’یہ حتمی ووٹر کارڈ نہیں ہے، اگر کوئی غلطی ہو تو اسے درست کر دیا جائے گا۔ جہاں تک کتے کی تصویر کا تعلق ہے، ایسا غالباً آن لائن درخواست فائل کرتے وقت ہوا ہے۔‘