Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا کے دو نئے کیس، تعداد سات ہوگئی

دونوں مریضوں نے اپنی ٹریول ہسٹری بتانے سے گریز کیا تھا (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت صحت  کے مطابق سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کے مزید 2 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد اب تک مجموعی طور پر 7 کیس رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔
دونوں مریض سعودی شہری ہیں اور حال ہی میں ایران اور نجف سے ہو کر آئے تھے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’جن نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے ان میں سے ایک بحرین کے راستے ایران سے آیا تھا تاہم اس نے سرحدی چوکی پر یہ ظاہر نہیں کیاتھا کہ وہ ایران گیا تھا۔

دونوں مریض سعودی شہری ہیں اور حال ہی میں ایران اور نجف سے ہو کر آئے تھے( فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزارت صحت کے مطابق ’کورونا وائرس کی دوسری مریضہ کویت کے راستے سعودی عرب پہنچیں تھیں، عراق کے شہر نجف گئیں مگر اپنی ٹریول ہسٹری بتانے سے گریز کیا۔ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے سرحدی چوکیوں پر موجود اہلکاروں نے مسافروں کو ’قرنطینہ‘ میں منتقل کر دیا جہاں ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا جو پازیٹوآیا۔‘
وزارت صحت نے کورونا کے حوالے سے معلومات اور رابطے کے لیے 937 ٹیلی فون نمبر جاری کیا ہے تاکہ نئے کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لوگوں کو مفید معلومات اور مشورے دیے جاسکیں۔
 

شیئر: