Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فاصلہ رکھیں‘: اٹالین شخص کے ہاتھ میں چھڑی

ڈبلیو ایچ او نے ایک میٹر کا فاصلہ رکھنے کی ہدایت دی تھی (فوٹو: ڈیلی میل)
کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی خبروں کے درمیان اس سے جڑی کچھ ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں جن میں ہلکے پھلکے مزاح کا عنصر بھی موجود ہے۔
پاکستان میں ٹرکوں کے پیچھے آپ نے یہ لکھا دیکھا ہوگا کہ ’فاصلہ رکھیں کہیں پیار نہ ہو جائے‘، اب واقعی کورونا وائرس کے خوف نے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔
کورونا کی وجہ سے جہاں لوگ ہاتھ ملانے سے گریز کر رہے ہیں اور خود کو سماجی طور پر علیحدہ کر رہے ہیں وہیں ایک شخص نے لوگوں سے فاصلہ رکھنے کا ایک نیا طریقہ نکالا ہے۔
مزید پڑھیں
چین کے بعد اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ملک اٹلی کے ایک شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ اپنی کمر کے گرد لکڑی کا ایک گول بورڈ باندھے ایک مارکیٹ میں گھوم رہے ہیں۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ویڈیو اٹلی کے شہر روم کی ہے۔ جب ویڈیو بنانے والے ایک  شخص نے اُن سے پوچھا کہ وہ یہ ڈسک کیوں پہن کر گھوم رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے‘۔
اس شخص کے ہاتھ میں ایک چھڑی بھی دیکھی گئی جس کی مدد سے وہ مارکیٹ سے خریدی گئی چیزوں کو اٹھا رہے تھے تاکہ انہیں کسی چیز کو ہاتھ نہ لگانا پڑے۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو ایک دوسرے سے تین فٹ کا فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا تھا کہ ’آپ کھانسنے اور چھینک مارنے والے فرد سے تین فٹ کا فاصلہ رکھیں کیونکہ جب کوئی کھانستا یا چھینک مارتا ہے تو اُن کے منہ یا ناک سے نکلنے والے پانی کے قطروں میں کورونا وائرس ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کسی ایسے شخص کے پاس ہوں گے تو سانس کے ذریعے یہ وائرس آپ کے اندر منتقل ہو سکتا ہے۔‘

حکومت احتیاط کے طور پر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 17 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور اس سے 18 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت نے احتیاطی تدبیر کے طور پر پورے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔

شیئر: